اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعلوم وقف دیوبند کا مشاورتی اجلاس اختتام پذیر !

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Tuesday, 18 October 2016

دارالعلوم وقف دیوبند کا مشاورتی اجلاس اختتام پذیر !

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ دارالعلوم وقف دیوبند کی غیر معمولی تعلیمی وتعمیری ترقیات پر خوشی ومسرت کا اظہار ، طلبہ واساتذہ کے لئے کئی مفید تجاویز منظور. ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ محمد عاصم اعظمی ــــــــــــــــــــــــــــــــــ دیوبند (آئی این اے نیوز 18/اکتوبر 2016 )گذشتہ 17اکتوبر کو مجلس مشاورت دارالعلوم وقف دیوبند کے لائبریری میں منعقد کیا گیا اس اجلاس میں خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب مدظلہ العالی (صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند) نے صدارت فرمائی جس میں ملک بھر سے مؤقر اراکین مجلس مشاورت دارالعلوم وقف دیوبند نے شرکت فرمائی، اجلاس کا آغاز رکن مجلس حضرت مولانا قاری عبداللہ میاں صاحب ڈابھیل گجرات کی تلاوت سے ہوا،نظامت کے فرائض دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث وقائم مقام ناظم تعلیمات حضرت مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے انجام دیئے، اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کی تعلیمی وتعمیری ترقیات کے تئیں اراکین مجلس مشاورت کی جانب سے متعدد تجاویز پیش کرکے عظیم لائحہ عمل تیار کیا گیا اجلاس میں ادارہ کے مہتمم حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے منجانب اہتمام ایک مفصل رپورٹ پیش کی ،جس میں انہوں نے ادارہ کی ہمہ گیر تعلیمی وتعمیری ترقیات کا ذکر کرتے ہوئے ادارہ میں جاری مختلف اہم سرگرمیوں سے اراکین مجلس مشاورت کو مطلع کیا ،انہوں نے ادارہ کی عظیم خدمات کا ذکر کرتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند کی اشاعت علم، حفاظت دین ،اسلامی افکار اور دینی اقدار کے احیاء وبقا کے باب میں عظیم قربانیوں کا تذکرہ کیا،انہوں نے اپنی اس مفصل رپورٹ میں کہا کہ موجودہ دور میں مدارس اسلامیہ کے تعلیمی وانتظامی ڈھانچہ کو مزید منظم کرنے کے ساتھ طلبہ کی تربیت و نگہداشت پر بھی توجہ رکھنا نہایت ضروری ہے ،موجودہ دور مسلمانوں اور خصوصاً مدارس اسلامیہ کے لئے سخت ترین دور ہے ،ہر جانب سے شکنجہ کسی کی مہم جاری ہے ، ایسے وقت میں طلبہ ٔمدارس کو حالات کی نازکی سے واقف کراکر اس کے مقابلہ کے لئے تیار کرنا نہایت ضروری ہے ،طلبہ میں مثبت ذہنیت کی عکاسی کی جائے اور ان میں مثبت فکر پیدا کئے جائیں، جس سے وہ معاشرہ میں پنپ رہی منفی فکر کو ختم کرسکیں،انہوں نے کہا کہ دارالعلوم وقف دیوبند ہمہ جہت ترقیات کی راہ پر گامزن ہے،حجۃ الاسلام اکیڈمی کی عمارت اپنی تعمیر کے آخری مرحلہ میں ہے وہیں دوسری طرف دارالقرآن کی پرشکوہ عمارت کا بنیادی ڈھانچہ تیار ہوچکا ہے ،ساتھ ہی اطیب المساجد کا تعمیری کام بھی برق رفتاری سے جاری ہے، علاوہ ازیں دیگرمتعدد منصوبے بھی زیر عمل ہے، دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث وقائم مقام ناظم تعلیمات حضرت مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے بھی تعلیمات کی مکمل رپورٹ پیش کی ،جس میں انہوں نے ادارہ میں تعلیمی نظم وانضباط کے لئے جاری کوششوں کا ذکر کیا ،انہوں نے کہا کہ ادارہ میں تعلیمی معیار نہایت بلند رہا ہے ، جس کے لئے ادارہ ہمیشہ متعددپیش قدمیاں کرتا رہا ہے ،اسباق کی پابندی ،حاضری التزام ،مقدار خواندگی اور تدریس میں کیفیت پر تعلیمات کی خصوصی نظر رہتی ہے ، نیزسال رواں سے موجودہ عالمی احوال کے پس منظر میں شعبہ انگریزی کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ،جس کے دوماہی نتائج نہایت مفید اور خوش کن ہیں، اس شعبہ سے بھی ادارہ کو عظیم امید یں وابستہ ہے ،تعلیمی رپورٹ کے بعد شعبہ محاسبی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی ، جوکہ سال گذشتہ کے آمد وصرف کی تفصیلات اور آئندہ سال کے بجٹ پر مشتمل تھی،جس کی اراکین مشاورت نے توثیق فرمائی ،اس کے بعد شعبہ تنظیم وترقی کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں فراہمی مالیات کے لئے جاری جدوجہد سے اراکین کو مطلع کیا گیا ،اس اجلاس میں مفاد ادارہ میں کئی ایک امور پر گفت وشنید اور تبادلۂ خیال ہوا ،متعدد تجاویز پیش ہوئی جنہیں مہتمم صاحب صدر اجلاس واراکین مشاورت نے باتفاق منظور کیا ،منظورشدہ تجاویز میں چند قابل ذکر تجاویز یہ ہے : (1) دارالعلوم وقف دیوبند کے اساتذہ وملازمین کے وظائف میں خاطر خواہ اضافہ . (2) بجٹ برائے 1438ھ کی منظوری ۔ (3) اساتذہ وملازمین دارالعلوم وقف دیوبند کے لئے اضافی فنڈ کا اجراء۔ (4) موجودہ احوال کے پس منظر میں طلبہ پر تقابل ادیان کے مطالعہ کو لازم کیا جائے اور ساتھ ساتھ انہیں اسلام کی جامعیت وافاقیت سے بھی باخبر کیا جائے ،اس کے لئے دارالعلوم وقف دیوبند کے فارغ طلبہ کے لئے شعبہ دعوت کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ اس موقع پر تمام مؤقر اراکین مجلس مشاورت نے دارالعلوم وقف دیوبند کی غیر معمولی تعلیمی وتعمیری ترقیات پر خوشی ومسرت کا اظہار کیااور خصوصاً طلبہ کی تعلیمی ترجیحات کے مد نظر بے مثال پیش قدمیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ،اجلاس میں مشاورت کے ارکان مولانا قمر الزماں الٰہ آبادی ،مولاناڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی مہتمم ندوۃ العلماء لکھنؤ،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا ،مفتی اشرف علی باقوی مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد عربک کالج بنگلور ،مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند ،مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی شیخ الحدیث وقائم مقام ناظم تعلیمات دارالعلوم وقف دیوبند ،مفتی عزیزالرحمن صاحب فتح پوری (ممبئی)،مولانا زکریا نانوتوی، مولانا قاری عبداللہ میاں گجرات ،ڈاکٹر انور سعید جنرل سکریٹری جامعہ طیبہ دیوبند، حافظ اقبال عبدالستار چونا والا(ممبئی)نے شرکت کی، اجلاس کے اخیر میں صدر اجلاس حضرت مولانا محمد سالم قاسمی مدظلہ نے صدارتی خطاب فرمایا اور تمام اراکین کی خدمت میں کلمات تشکر پیش کئے واضح رہے کہ اس پروگرام میں رضا کار طلبہ کے ہیڈ مولوی محمد أسعد پرتاپ گڑھی (ترجمان دورہ حدیث شریف و ناظم اعلی شعبہ مناظرہ) نے اپنے ساتھیوں محمد عاصم اعظمی محمد ہارون سیتاپور محمد مدثر بھاگلپوری محمد منصور بنگلوری محمد اشتیاق بستوی محمد سالم بہرائچی محمد ارشد پٹنہ محمد انس جھانسی محمد ازلاف جھانسی وغیرہ نے اپنے اپنے کام کو بحسن خوبی انجام دیا اور اخیر میں حضرت مولانا قمر الزماں الٰہ آبادی کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا ۔