اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…
Friday, 23 December 2016
جلتا ہوا حلب، اقوام متحدہ اور مسلم ممالک کا شرمناک رویہ!
از قلم: مفتی محمد ثاقب قاسمی
جنرل سیکریٹری مجلس صدائے حق پنجاب
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
آج کل ملکِ شام کا ظالم وجابر حکمراں بشار الاسد اپنے ظلم وستم کی انتہا کرتے ہوئے حلب میں باغیوں کو کچلنے کے نام پر جس طرح بے قصور اور معصوم بچوں، عورتوں، ضعیفوں اور مردوں کو بے رحمانہ طریقے سے مہلک کیمیکل گیسوں کا استعمال اور بموں کی بارش کرکے موت کے گھاٹ اتار رہا ہے وہاں کے مسلمانوں کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک کیا جارہا ہے ان کے خون کو پانی کی طرح بہایا جارہا ہے وہاں کے حالات دردناک اور تکلیف دہ ہیں اہل سنت والجماعت کو تہس نہس کیا جارہا ہے پونے دو کروڑ کی آبادی والے اس ملک کی بہت بڑی آبادی ظالم حکومت کے ہاتھوں قتل کی جاچکی ہے جبکہ لاکھوں لوگ ہجرت کرچکے ہیں ادھر اُدھر بھٹک رہے ہیں درختوں کے پتے اور کتے بلی کھانے پر مجبور ہیں جو ایک عظیم اور درد ناک المیہ ہے مورخ جب تاریخ لکھے گا تو اس میں یہ ضرور لکھے گا کہ ملک شام کی عوام پر بشار الاسد نے وہ ظلم ڈھایا ہے جو آج تک کسی کافر نے بھی مسلمانوں پر نہیں ڈھایا ہے،
اس سے دنیا کے سبھی حساس دل غمگین وافسردہ ہوگئے ہیں آنکھیں اشکبار اور زبانیں گونگی ہوگئی ہیں.
اسکی ذمہ داری ملکِ شام کی حکومت، امریکہ اور اقوامِ متحدہ پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے تمام اختیارات کے باوجود اس ملک کے شہریوں پر ہونے والے ظلم وستم کو روکنے کیلئے کوئی سنجیدہ عملی اقدام نہیں کیا جو انتہائی مایوس کن اور افسوس ناک ہے اسی طرح مسلم ممالک اور عرب لیگ اس انسانیت کش جرم کو خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے اور کسی طرح کا کوئی اقدام نہیں کیا.
میں تمام امن پسند افراد، تنظیموں اور خاص کر اقوامِ متحدہ سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ اس ظلم وبربریت کو روکنے کیلئے جو بھی ذرائع میسر ہوں ان کا استعمال کریں اور ہم سب اللہ پاک سے دعا کریں کہ وہ مظلوں کی مدد فرمائے. آمین