رپورٹ: محمد ساجد کریمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 12/اپریل 2017) الور میں گائے کے نام پر وحشیانہ مارپیٹ کی وجہ سے مقتول پہلو خاں کے اہل خانہ ودیگر متاثرین سے ملاقات کے لیے آج جمعیۃ علماء ہند کا وفد جے سنگھ پور میوات پہنچا ۔ جمعیۃ علما ء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پروفد نے حالات کا جائزہ لیا اور متاثرین کو قانونی ،مالی اوراخلاقی ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفد نے اعلان کیا کہ جمعیۃ علماء ہند متاثرین کا مقدمہ لڑے گی اور علاج ومعالجہ او رپہلو خاں کی بچی کی شادی میں مالی تعاون کرے گی ۔
وفد سے ملاقات کے وقت مرحوم پہلوخاں کے اہل خانہ اور گاؤں کے معززین نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے نا م خط پیش کیا ، جس میں جمعےۃ علماء ہند سے مقدمے میں تعاون کی گزارش کی گئی ہے ۔وفد نے یقین دلایا کہ جمعےۃ علماء ہند اس معاملے میں بہت ہی سنجیدہ ہے اور متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وفد نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو ان کے مالی و جانی نقصان کا معاوضہ دے اور شہید پہلو خاں کے گھر سے ایک فرد کو سرکاری نوکری ملے ۔
وفد کے سربراہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ آج یہاں جئے سنگھ پور میں گاؤں متاثرین اور مقامی ذمہ دار افراد سے ملاقات ہوئی، اس سانحے کا پورے گاؤں میں دکھ ہے، آج جیسے ہی جمعےۃ علماء ہند کا وفد گاؤں پہنچا ، لوگوں میں سسکیاں بندھ گئیں ۔یقیناًیہ بڑا سانحہ ہے ، جسے کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ مولانا محمود مدنی صاحب اس واقعے سے بہت ہی دکھی ہیں اور وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔
جئے سنگھ پور گاؤں میں وفد سے ملاقات میں پہلو خاں کے لڑکے ارشاد خاں نے بتایا کہ یکم اپریل کو جے پور کے قریب منعقد ایک جانور میلہ سے نقد ایک لاکھ بیس ہزار روپے میں دودھ دینے والی پانچ گائیں خرید کر ہم اپنے والدپہلو خاں ودیگر افراد کے ساتھ وطن نوح لوٹ رہے تھے ،تبھی الور میں ایک شاہراہ پر نام نہاد گؤ رکشکوں نے وحشی پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے والداور ہمیں بے رحمی سے پیٹا ۔ والد پہلو خاں کی عمر ۵۵؍ سال تھی، ان کو دوڑا دوڑا کر اتنا مارا گیا کہ ان کی بارہ پسلیاں ٹوٹ گئیں ، مرحوم بالآخر ہسپتال میں تیسرے دن چل بسے ، باقی ہم تینوں بھائی شدید زخمی ہوئے ، نیزگاؤں کا ایک نوجوان عظمت خاں ولد میانجی سلیما ن خاں بھی زخمی ہو اہے، میانجی سلیمان یوپی کے متھرا ضلع کے پچاور گاؤں میں پندرہ سال سے امام ہیں ۔ارشاد خاں نے بتایا کہ جب ان گؤ رکشکوں نے ہمیں گھیر لیا تو ہم نے ان سے گہار لگائی کہ وہ ان کو پولس کے حوالے کردیں ، پولس چھان بین کرلے گی ، مگر ان شرپسندوں نے ہماری ایک نہ سنی اور ہمیں پیٹنا شروع کردیا اور کہا کہ پولس کو ن ہوتا ہے ۔ ارشاد خاں نے کہا کہ اس راستے پر پہلے بھی بکرے اور بھینسوں کی گاڑیوں کو لوٹا جاچکا ہے ۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ، نیز وفد نے ا ن کے لیے ہر طرح سے قانونی اور مالی تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔مرحوم پہلو خاں کے ایک لڑکے اور ایک لڑکی شاد ی ہونی باقی ہے ، ان کی شادی کے نظم میں بھی جمعےۃ ہر طرح کاتعاون کرے گی ۔ متاثرہ خاندان نے ایک لاکھ بیس ہزار روپے قرض لے کر جانور خریدا تھا ، جس کی ادائیگی کی فی الوقت کوئی سبیل نہیں ہے ، ان کے قرض کی ادائیگی میں بھی جمعیۃ تعاون کرے گی ۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ایجنسی کی اس رپورٹ کو بھی نوٹ کیا کہ کس طرح ایک منظم سازش کے تحت چند فرقہ پرست عناصر نے ان لوگوں پر حملہ کیا اور ان کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھا ۔واضح ہو کہ ایجنسی نے خلاصہ کیا ہے کہ تمام ملزمان ہندو تو وادی تنظیموں سے جڑے ہوئے ہیں ، مارپیٹ کرنے والو ں میں آرایس ایس کے ڈویژن انچار ج نوین شرما ، ہندو جاگرن منچ کے قصبہ پرمکھ حکم چند یادو،اے وی پی کے ضلع کنوینر اوم یادو، مانو جاگرتی منچ کے جگمال سنگھ ، راہل سینی سابق نائب صدر اے وی پی اور سدھیر یادو صدر گئو سیوا سمیتی کے نام شامل ہیں ۔وفد نے سرکار اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور متاثرین کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔وفد میں شریک جمعےۃ علما ء میوات، ہریانہ ، پنجاب اور ہماچل کے صدر مولانا یحیے کریمی نے بتایا کہ ریاستی جمعےۃ شروع دن سے پورے معاملے پر نگاہ رکھے ہوئی ہے اور ڈی جی پی اور ضلع انتظامیہ سے رابطے میں ہے ۔ ریاستی جمعےۃ نے آج ملاقات کے بعد یہ محسو س کیا ہے کہ زخمیوں کا مناسب علاج ومعالجہ نہیں ہو رہا ہے ، اس لیے جمعیۃ ان کے علاج و معالجہ میں تعاون کرے گی ۔ادھر الور میں جمعےۃ علما ء راجستھان کے نائب صدر مولانا حنیف نے مجرمین کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے اتوار کو ایک احتجاج منعقد کیا۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا یحیی کریمی ، قاری محمد علی ، مولانا عبدالرحمن ، مولانا عبدالمجید، مولانا سراج الدین قاسمی جے سنگھ پور، قاری محمد اسلم صدر جمعےۃ علماء میوات و گڑگانواں ، قاری آس محمد پلول، مولانا ارشد ترواڑہ ، حاجی یونس پلول، مولانا جمیل قاسمی ، مولانا ساجد قاسمی ، مفتی لقمان، حافظ عرفان ، قاری واصف ، مولانا فخرالدین، مولانا قاری احمد عبداللہ قاسمی اور مولانا شفیق احمد القاسمی شریک تھے.