رپورٹ: ثاقب اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 25/اپریل 2017) پچھلے دنوں اعظم گڑھ میں ہندو یوا واہنی کے ذمہ داران کی ایک میٹنگ اعظم گڑھ میں منعقد ہوئی جس کے پوسٹر وغیرہ میں اعظم گڑھ کے بجاۓ آریم گڑھ لکھا ہوا تھا۔
اس میٹنگ میں مستقبل کی پلاننگ کرنےکے ساتھ ساتھ اعظم گڑھ کا نام بدل کر آریم گڑھ کرنے کی مانگ کو ایک بار پھر اٹھایا گیا۔
ہندو یوا واہنی کے اسٹیٹ کوآرڈینیٹر راکیش راۓ اور وارانسی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر امبریش سنگھ بھولا نے میڈیا کو بتایا کہ ہندو یوا واہنی یہ مانگ بہت پہلے سے کرتی آرہی ہے۔ اور مہاراج جی (یوگی آدتیہ ناتھ) نے بھی اپنی تقریروں میں اعظم گڑھ کو آریم گڑھ ہی کہتے آۓ ہیں۔
یہ پوچھنے پر کہ کیا آپ اس مانگ کو اترپردیش کے وزیراعلی اور ہندو یوا واہنی کے سرپرست یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس لے کر جائیں گے تو جواب دیا کہ یوگی جی اس مانگ سے پہلے سے ہی باخبر ہیں۔
واضح رہے کہ ہندو یوا واہنی کو یوگی آدتیہ ناتھ نے 2002 میں بنایا تھا جو کہ مسلم مخالف ذہنیت اور ایجنڈا پر کام کرتی آئی ہے۔