رپورٹ: ساجد کریمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
ہریانہ(آئی این اے نیوز 30/جون 2017) جمعیتہ علماء ہریانہ پنجاب و ہماچل اور چندی گڑھ کی اپیل ہے ملک کے موجودہ حالات میں جمعیتہ علماء ہریانہ پنجاب وہماچل اور چندی گڑھ نے فیصلہ کیا ہے کہ آج بروز جمعہ کو خصوصی دعا کا اہتمام کریں، مسلمانوں کی عزت و آبرو کی حفاظت کے لیے اللہ تعالٰی سے اپیل کریں اور اسلام کی حفاظت اور ترقی کے اللہ تعالی کے حضور آہ و فغاں کریں تمام تدابیر کے علاوہ دعا کی بھی بڑی اہمیت ہے-
دعا کو احادیث میں عبادات کا مغز بتایا گیا ہے اور دعا صرف عبادت ہی نہیں بلکہ ایک ایسا اہم ہتھیار ہے جس سے ایک مؤمن بندہ بڑے سے بڑے دشمن کو شکست فاش دے سکتا ہے اور یہ ایک ایسا عمل ہے جس سے کوئی بھی شخص مشکل سے مشکل مقابلہ کو بآسانی جیت سکتا ہے۔
قرآن و حدیث میں دعا کی بڑی اہمیت وارد ہوئ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر مشکل گھڑی میں اللہ تعالیٰ کے دربار میں عاجزی اور انکساری سے دعا فرماتے اور اللہ تعالیٰ آپ کے مسائل کو حل فرما دیتے اور اللہ کے نبی بکثرت عافیت کو مانگا کرتے تھے۔
چنانچہ ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (جس کیلئے دعا کا دروازہ کھول دیا گیا اسکے لئے رحمت کے دروازے کھول دئے گئے، اللہ تعالی کو اپنے بندوں کی جانب سے عافیت کا مطالبہ بہت پسند ہے، اور دعا نازل شدہ و غیر نازل شدہ تکالیف سب میں یکساں فائدہ دیتی ہے، اور تقدیری فیصلوں کو دعا سے ہی تبدیل کیا جاسکتا ہے، چنانچہ کثرت سے دعا کیا کرو) ترمذی، حاکم روایت کیا۔
دعاایک عظیم الشان عبادت ہے، جسکے آثار واضح اور قابل مشاہدہ ہوتے ہیں، جیسے اللہ تعالی نے نوح علیہ السلام کی دعا پر کفارکو غرق فرمایا، نوح علیہ السلام نے دعا میں کہا تھا: فَدَعَا رَبَّهُ أَنِّي مَغْلُوبٌ فَانتَصِر چنانچہ انہوں نے اپنے پروردگار سے دعا کی کہ: ''میں مغلوب ہوچکا، اب تو ان سے بدلہ لے''[القمر: 10]۔ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا پر اللہ تعالی نے غزوہ احزاب میں تمام اتحادی افواج کو شکستِ فاش دی، ابراہیم علیہ السلام کی دعا پر اس امت کو نوازتے ہوئے ان میں آخری نبی سید البشر صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا، زکریا علیہ السلام کو یحیی علیہ السلام عنایت فرمائے، حالانکہ آپ اور آپکی زوجہ محترمہ انتہائی بڑھاپے کی حالت میں تھے۔
اوپر ذکر کردہ واقعات سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اللہ تعالیٰ دعا کی برکت سے ناممکنات کو بھی ممکنات میں تبدیل فرمادیتے ہیں۔
ہندوستان کے روز بروز بگڑتے حالات کی وجہ سے ہر معتدل مزاج اور انصاف پسند شہری پریشان حال ہے اور خاص طور سے مسلم سماج کے اندر خوف اور دہشت کا ماحول پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔۔
ان مشکل حالات سے باہر آنے کے لئے اور ملک کی جمہوریت کے تانہ بانہ کو بچانے کے لئے پورے ملک کے سیکیولر ذہن کے لوگ اپنی بساط کے مطابق ٹیوی چینلوں پر بحث و مباحثہ کے ذریعہ٬ کہیں عید کے موقع پر کالی پٹی باندھ کرکے اور جگہ جگہ ملک میں مظاہروں کا انعقاد کرکے ملک دشمن طاقتوں سے نبرد آزما ہیں اور شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ اللہ تعالی ہم سب کے ساتھ ہمدردی کا معاملہ کرے ( آمین)