اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: سرکار معصوم شہریوں اور کمزور طبقات پر ہور ہے حملے کو روکنے کے لیے خصوصی اقدام اٹھائے: مولانا محمود مدنی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 29 June 2017

سرکار معصوم شہریوں اور کمزور طبقات پر ہور ہے حملے کو روکنے کے لیے خصوصی اقدام اٹھائے: مولانا محمود مدنی


رپورٹ: محمد عاصم اعظمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 29/جون 2017) ملک میں بھیڑ کی شکل میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور دلتوں پر ہو رہے مسلسل حملوں کے تناظر میں آج جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی، اس موقع پر مولانا مدنی نے ان کو ایک یادداشت بھی پیش کیا، مولانا مدنی نے کہا کہ پے درپے ہورہے واقعات نے ملک کے امن و انصاف پسند عوام کے ضمیر کو جھنجوڑ دیا ہے، سماج کے کمزور طبقات میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پنپ رہا ہے، مولانا مدنی نے کہا کہ ہم نے ان حالات کی جانب سرکار اور انتظامیہ کو بارہا توجہ دلائی ہے ، جس کے بعد ہمیں یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ سرکار اس طرح کے معاملات سے سختی سے نمٹے گی اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر موثر اقدام کرے گی ۔مگریہ یقین دہانیاں بے سود ثابت ہوئیں ،ا یسا لگتا ہے کہ اس طرح کی تکلیف دہ صورت حال سے نکلنے کی دور دور تک کوئی امید نہیں ہے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اس کے باوجود ہم مایوس نہیں ہیں ،ہم آ پ کے پاس ایک بار پھراس امید سے آئے ہیں کہ بدسے بدتر ہورہی فرقہ وارانہ صورت حال کا فوری ازالہ ہو ، میرا مطالبہ ہے کہ سرکار معصوم شہریوں اورکمزور طبقات پر ہور ہے حملے کو روکنے کے لیے خصوصی اقدام کرے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ ہم پوری امید کرتے ہیں کہ حکومت ہمارے احساسات کو سمجھتے ہوئے کمزور اور مظلوم طبقات کے مسائل کا حل نکالے گی اور فوری طور پر امن و امان اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کرے گی ۔ میرا ماننا ہے کہ کوئی بھی مہذب سماج ،اقلیتوں اور کمزور طبقات کو غنڈو ں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا جیسا کہ ان دنوں ہور ہا ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ قانون کی نگاہ میں ہر شہری برابر ہے ،لہذا کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا کسی کوقانون سے اوپر اٹھ کر احساس برتری اور دوسروں کو احساس کمتری میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ ہماری باتوں کو وزیر داخلہ نے بہت ہی سنجیدگی کے ساتھ سنا اور کہا کہ وہ اس سے متعلق ریاستی سرکاروں سے بات چیت کریں گے ۔ وزیر داخلہ نے موجود ہ حالات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے یا اقلیتوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔جمعیۃعلماء ہند کے وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا نیاز احمد فاروقی رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند ، شکیل احمد سید ایڈوکیٹ سپریم کورٹ رکن مجلس عاملہ جمعےۃ علماء ہند، ایم جے خاں، مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃعلماء ہند اور محمد مبشر شریک تھے ۔