رپورٹ: شـھـاب الـــدیـن
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 11/جولائی 2017) جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر نئی دہلی میں واقع تہاڑ جیل انسپکٹر جنرل برائے قیدی کے دفتر میں شعبہ این جی او کے سربراہ مسٹر جوسیف بکسلا سے ملاقات کی اور ان سے ان قیدیوں کی فہرست طلب کی جو جیل میں اپنی مدت تو پوری کر چکے ہیں تاہم جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے قید ہیں تاکہ مالی تعاون کے ذریعے ان کی رہائی کو یقینی بنا یا جا سکے.
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند اپنے صدر محترم امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری اور ناظم عمومی مولانا محمود مدنی کے زیر سرپرستی اور نگرانی ملک میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق متعدد مقدمات لڑرہی ہے، تاہم اس بات کی بھی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ جیل میں بند ایسے افراد کی رہائی کے لیے تعاون کیا جائے جو مالی جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے طویل مدت سے بند ہیں، اس سلسلے میں جمعیۃ نے اپنی ریاستی یونٹوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے قیدیوں کی فہرست مرکزی دفتر کو جلد ارسال کریں، جمعیۃ علماء ہند انسانی بنیاد پر ان کی مدد کرے گی تا کہ وہ دوبارہ اپنی زندگی شروع کرسکیں۔
تہاڑ جیل میں ملاقات کے بعد وفد نے بتایا کہ این جی او کے سربراہ نے ہمارے اس قدم کی ستائش کی اور یقین دلایا کہ ایسے قیدیوں کی فہرست جلد مہیا کرائی جائے گی، اس وفد کی سربراہی مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے کی، ان کے علاوہ مولانا ضیاء اللہ قاسمی اور عظیم اللہ صدیقی قاسمی شریک تھے ۔
