رپورٹ: ابو ایوب قاسمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 29/اگست 2017) اعظم گڑھ کے مسلمانوں نے مسلم ریلیف کمیٹی کے بینر تلے بہار کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے نہایت جوش و خروش کے ساتھ چندہ جمع کرنے کی مہم چھیڑ رکھی ہے اور اس کے سکریٹری جناب محمد انیس صاحب اور جامع مسجد اعظم گڑھ کمیٹی کے فعال ممبر جناب سلیم احمد صاحب جمعیۃ علماء مہاراشٹر اور جمعیۃ علماء بہار کے ذمہ داران سے برابر رابطہ رکھے ہوئے ہیں.
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم نشر و اشاعت مولانا محمد عارف عمری نے بتایا کہ اعظم گڑھ کے مسلمانوں نے بہار سیلاب کی امداد کیلئے دس لاکھ روپیوں کا نشانہ مقرر کر رکھا ہے اور اسی کے ساتھ کافی مقدار میں کپڑے اور دیگر استعمال کی اشیاء بہار کے مختلف علاقوں میں بھیجنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں.
جناب سلیم احمد صاحب نے جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری جناب حسن احمد قادری صاحب سے فون پر بات کرکے بہار کی تازہ ترین صورتحال دریافت کی، اور اعظم گڑھ کے مسلمانوں کی جانب سے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی.
سردست ڈھائی لاکھ روپئے اعظم گڑھ سے جمعیۃ علماء بہار ریلیف کمیٹی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کئے جارہے ہیں اور آگے کے لئے مسلسل کوشش جاری ہے.