اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: سانحہ میانمار: جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد مولانا محمود مدنی کی قیادت میں بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں مختلف کیمپوں کا دورہ کیا!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 28 September 2017

سانحہ میانمار: جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد مولانا محمود مدنی کی قیادت میں بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں مختلف کیمپوں کا دورہ کیا!


رپورٹ: یاسین صدیقی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 28/ستمبر 2017) میانمار کے لاکھوں مظلوم انسانوں کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرنے والے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں ایک وفد نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار کے مختلف کیمپوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وفد نے لوگوں کے درمیان راحت رسانی اوراشیاء خوردنی پر مشتمل فوڈ پیکٹس تقسیم کیے، چالیس کلومیٹر تک پھیلے ہوئے پناہ گزیں انسانوں کی مظلوم بستی کا جائزہ لیتے ہوئے جمعیۃ کے وفد نے ایسے بے شمار لوگوں سے ملاقات کی جو بے رحمی سے قتل کیے گئے اپنے رشتے داروں کی لاشوں سے لپٹ کر رو بھی نہ سکے، ایسے ان گنت یتیموں اور بیوہ خواتین بھی ملیں جن کے اہل خانہ کو بڑی بے رحمی سے قتل کیا گیا۔
جمعیۃ علماء ہند نے یہاں اصلاح المسلمین پریشد بنگلہ دیش کے اشتراک سے راحت کا کام شروع کردیا ہے، اب تک ۲۲۰۰ فوڈ پیکٹس تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔
 مولانا محمود مدنی نے لمبوسیا کیمپ میں میانما ر سے آئے ہوئے 500 علماء کے درمیان نقد رقم بھی تقسیم کی اور ساتھ ہی حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی رحمہ اللہ سے منسوب ایک تبلیغی مرکز کی بنیاد رکھی، جہاں پناہ گزینوں کے لیے اسکول، مدرسہ اور مکتب کا نظم ہو گا، اسی طریقے سے ایک مسجد محمود اور ایک اور دوسری مسجد کی بنیاد رکھی، لمبوسیا کیمپ میں جائزے کے دوران معلوم ہوا کہ یہاں تقریبا پانچ سو یتیم بچے ہیں جن کے سرپرستوں کو قتل کردیا گیاہے۔یہاں ایسے افراد بھی سے ملاقات ہوئی جن میں سے کسی کے سینے اور کسی کے ہاتھ پر گولیوں کے نشانات تھے، ایک چھوٹی سی مریم نام کی بچی ملی جس کے والدین سمیت گھر سے سبھی سات افراد شہید کردیے گئے، وہ اپنی خالہ کے ساتھ یہاں آئی ہے، عین الدین نام کے دس سالہ بچے  کی ناک پر گولی لگی ہے، گھر کے سارے لوگ شہید ہو گئے، ایک  خاتون سے ملاقات ہوئی جس کے جمیع اہل خانہ کو اس کے سامنے مارا گیا، وہ کسی طرح جان بچا کر آئی ہے، یہاں کے مناظر بہت ہی دکھ رساں ہیں، ہر شخص سرا پا غم کی تصویر ہے، برما بارڈر کے قریب گزرتے ہوئے وفد نے بچشم خود دیکھا کہ برما کی جھاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے ۔
جمعیۃ علماء کے وفد نے لیدا کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں تقریبا پچاس ہزار افراد پناہ گزیں ہیں۔یہ کیمپ  24ستمبر سے شروع ہوا ہے ، یہاں یومیہ تین ہزار افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
حضرت مولانا محمود مدنی صاحب کے ساتھ وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی صاحب، مولانا قاری احمد عبداللہ صاحب، مولانا عبدالرشید صاحب،مولانا مکنون ابن مولانا فرید الدین مسعود، مولانا امداد اللہ صاحب، مولانا عبدالعليم فریدی اور مولانا شعیب صاحب وغیرہ شریک تھے، اس وقت جمعیۃ علماء ہند و اصلاح المسلین پریشد کا مشترکہ نو رکنی وفد کیمپوں میں راحت رسانی کے عمل میں مشغول ہے ۔