اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ڈھابہ کلچر اور ہمارے نوجوان!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 25 March 2018

ڈھابہ کلچر اور ہمارے نوجوان!

از قلم ڈاکٹر ارشد قاسمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
اسلام ایک معتدل مذہب اور فطرتِ انسانی کے عین مطابق ہے تفریحِ طبع کے لئے آوٹنگ پر جانا ، گاہے بگاہے گھر سے باہر حلال غذا سے کام و دہن کو سیراب کر لینا ، دوست و احباب کے ساتھ فارغ اوقات میں کچھ وقت تفریحا گزار لینا منافئ احکامِ اسلام نہیں لیکن یہی شوق جب راہِ اعتدال سے تجاوز کرجائے تو ناپسندیدہ اور غیر مستحسن قرار پاتا ہے۔
ہماری سوسایٹی میں ایک وبا تیزی کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے اور وہ ہے ڈھابہ بازی ۔
لیٹ نایٹ ڈنر کا کلچر ، وہاں ہلڑ بازی ، حقہ نوشی مسلم نوجوانوں کی پہلی پسند ہے ۔ ضیاعِ وقت کا یہ حال ہے ایک ڈنر میں کم ازکم دو گھنٹہ صرف ہوتے ہیں۔ اگر مسافت بھی جوڑ لی جائے جو بسا اوقات اوسطا بیس پچیس کلو میٹر کی ہوتی ہے تو یہ وقت چار گھنٹہ پر محیط ہوتا ہے۔
جس قوم کی شرحِ خواندگی چار فیصد سے بھی کم ہو جو اپنوں کے بیجا کرم اور غیروں کے ستم بالائے ستم سے حاشیہ پر پہونچ چکی ہو جسکاوجود خارِ مغیلاں کے مانند آنکھوں میں چبھ رہا ہو اسکے پرسنل لا پر خطرات کے مہیب بادل منڈلارہے ہوں ملازمت و سیاست میں اسکی شناخت چراغِ سحری ہوچکی ہو اسکی نوجوان نسل چار چار گھنٹہ ڈھابہ پر گزارتی ہواس پر جتنا بھی آنسو بہایا جائے کم ہے۔

کبھی اے نوجواں  مسلم تدبر بھی کیاتو نے
وہ کیا گردوں تھا جسکا ہے تواک ٹوٹاہواتارا

ضروت ہے کہ سماج کے بیدار مغز افراد اب اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں وقت کی قیمت امت کے نونہالوں کو بتلاییں اپنے قیمتی ورثہ کی حفاظت کی فکر کریں اسراف و فضول خرچی کی شناعت سے آگاہ کریں اپنے  برگ و بار کو شجرِ سایہ دار بنانے کی فکر کریں۔ والدین خدا کی عطا کردہ ان دونوں نعمتوں  ( اولاد و مال ) کو راہِ مستقیم پر لگاییں ان کے دلوں میں ملت و ملک کی تعمییر اور اسپر آن پڑے نازک وقت کی دہائ دیں نئی امنگوں کے طوفان سے آشنا کریں

خدا  تجھے  کسی  طوفاں  سے آشنا کردے
کہ تیرےبحر کی موجوں میں اضطراب نہیں