اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤون الاسلامیہ کے مشیر خاص ڈاکٹر عبدالعزیز عمار حفظہ اللہ کی تشریف آوری پر دارالعلوم وقف دیوبند میں استقبالیہ تقریب منعقد!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 23 March 2018

سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤون الاسلامیہ کے مشیر خاص ڈاکٹر عبدالعزیز عمار حفظہ اللہ کی تشریف آوری پر دارالعلوم وقف دیوبند میں استقبالیہ تقریب منعقد!

دیوبند(آئی این اے نیوز 23/مارچ 2018) ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں سعودیہ عربیہ کی وزارت شؤون الاسلامیہ کے مشیر خاص ڈاکٹر عبدالعزیز عمار حفظہ اللہ کی تشریف آوری پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند کی اس مقدس سرزمین پر حاضری اور اکابر علماء سے ملاقات یقیناً میرے لئے باعث عز و شرف ہے، اس سرزمین نے علوم اسلامیہ کی جو عظیم خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا ایک ناقابل فراموش حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر علماء دیوبند کے علمی امتیازات و تفردات اور خصوصاً علم حدیث کے باب میں ان کی کاوشوں اور خدمات کا بہ غائر مطالعہ بھی کیا اور خوب سنا بھی ہے، میں نے پایا کہ علماء دیوبند کا وصف خصوصی وصف اعتدال ہے، علماء دیوبند اپنے اس وصف خصوصی کی بنیاد پر ممتاز نظر آتے ہیں، بعد ازاں انہوں نے کہا کہ دیوبند کی ان عظیم خدمات کا سہرا خصوصاً خانوادۂ قاسمی اور حضرت نانوتویؒ کے سر جاتا ہے، آج دارالعلوم دیوبند کو جو آفاقیت اور امتیاز حاصل ہے اس میں خانوادۂ قاسمی کی بے مثال قربانیاں کارفرما ہیں، جنہوں نے اس عظیم ادارہ کی تأسیس فرمائی،
جو حق و باطل کے مابین مابہ الامتیاز ہے اس ادارہ نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا عالمی پیمانہ پر فریضہ انجام دیا، پورے عالم میں فضلائے دیوبند کی خدمت دین کے باب میں عظیم خدمات یقیناً اس ادارہ کی جد و جہد کا نتیجہ ہے، اس دوران انہوں نے دارالعلوم وقف دیوبند میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ شعبۂ بحث و تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی سے جاری تحقیقی و تصنیفی سرگرمیوں کا معائنہ فرمایا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ مختلف زاویوں سے اسلام کی تبلیغ واشاعت کے لئے سرگرمیوں کا یہ تسلسل یقیناً قابل مبارکباد ہے اور خصوصاً شعبۂ بحث و تحقیق سے جاری کاوشیں علماء دیوبند کی علمی خدمات سے عالم اسلام کو متعارف کرانے کا ذریعہ ہوگا، انہوں نے کہا اس مقدس علمی سرزمین پر میری حاضری یقیناً میرے لئے باعث سعادت ہے، آج میں اپنے آپ کو آپ حضرات کے درمیان پاکر فخر محسوس کررہا ہوں، انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ تقویٰ کو لازم پکڑیں اس لئے کہ آپ حصول علوم نبوی میں مصروف ہیں، یقیناًمن جانب اللہ آپ کا ایک مقام و امتیاز ہے.
پروگرام کا آغاز مولانا قاری محمد واصف عثمانی کی تلاوت سے ہوا، مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے، جس میں انہوں نے مہمان مکرم کی خدمت میں ہدیۂ تشکر پیش کرتے ہوئے مہمان مکرم کا تعارف پیش کرایا، بعد ازاں مولانا نوشاد نوری نے دارالعلوم وقف دیوبند کا تعارف پیش کیا، مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی کے پہلے سے طے شدہ سفر میں ہونے کی وجہ سے مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی شیخ الحدیث دارالعلوم وقف دیوبند نے ان کی جانب سے ہدیۂ سپاس پیش کیا، بعد ازاں آستانہ قاسمی میں حاضر ہوکر خطیب الاسلام حضرت مولانا محمدسالم قاسمی صاحب مدظلہ سے ملاقات کی، اس موقع پر جملہ اساتذہ دارالعلوم وقف دیوبند موجود رہے۔