اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعلوم وقف دیوبند کے انعامی اجلاس سے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کا فکر انگیز خطاب!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 4 April 2018

دارالعلوم وقف دیوبند کے انعامی اجلاس سے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کا فکر انگیز خطاب!

دیوبند(آئی این اے نیوز 4/اپریل 2018) ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں حسب روایت جلسۂ انعامیہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ دور فکری تصادم کا دور ہے، جس کے نتیجے میں آج انسانی افکار و نظریات پر حملے ہورہے ہیں اور پورا عالم آج اس حملہ کی زد میں ہے، ایسے وقت میں اپنے افکار و نظریات کی اصلاح کرتے ہوئے امت کی اصلاح کے لئے متفکر رہنا اوران فکری حملوں کے دفاع کے لئے میدان عمل میں آنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں چیلنجز کے دفاع کے لئے اللہ تعالیٰ افراد تیار فرماتے ہیں۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو منتخب فرمایا ہے۔
آپ ملت کا قابل افتخار سرمایہ ہیں۔ ملت کی نگاہیںآپ پر ٹکی ہیں، آپ اپنے مطالعہ میں تعمق پیدا کریں، فکر میں توسع پیدا کریں اور زمانے کے فتنوں کو سمجھیں۔ آج ہر چہار سو اسلام مخالف مہم چھڑی ہوئی ہے، ہر چہار سو سے اسلام مخالف فکر حملہ آور ہے۔ آپ کی پاکیزہ تہذیب و ثقافت کو مسخ کرنے کی بھرپور کوششیں ہیں۔ ان سب احوال میں آپ کو اسلام کی پاکیزہ روایات کی بقاء کے لئے آگے آنا ہوگا۔ اسلام کی صحیح تعلیمات کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ملک پر سامراجی حکومت قابض ہوئی اس وقت اس ملک میں اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لئے مضبوط لائحہ عمل کی تیاری سب سے بڑا کاز تھا۔ چنانچہ بانی دارالعلوم حضرت نانوتویؒ نے ایسے افراد کی تیاری کو مقدم کیا جو مکمل اسلامی تہذیب و ثقافت کے علمبردار ہوں، جو اسلامی علوم کی روشنی میں اپنے اسلام کی بقاء و تحفظ کا فریضہ انجام دیں۔چنانچہ اسی کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند کی بنیاد رکھی گئی جس کی ڈیڑھ سو سالہ حسین تاریخ آپ کے سامنے ہے، جس نے ہر فن اور ہر میدان کے لئے رجال کار تیار کئے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم غور کریں کہ ہمارے اکابر میں وہ کون سے امتیازی اوصاف تھے جن کی بنا پر انہوں نے اس ادارے سے آفاقی فکر کے حامل افراد تیارکئے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ ان کا امتیازی وصف فکری اعتدال ہے اور یہی اعتدال علماء دیوبند کا طرۂ امتیاز ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اکابر کے علوم و معارف اور ان کے نکات آفریں مضامین کا مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اندر اعتدالِ فکر پیدا کریں۔ اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لئے ان کی کوششوں کا مطالعہ کرکے مستقبل کے لئے مضبوط لائحہ عمل تیار کرکے میدان عمل میں قدم رکھیں، اس موقع پر انہوں نے ناشرینِ کتب کا ان کے گراں قدر تعاون پر شکریہ بھی ادا کریا۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر المدرسین و ناظم تعلیمات مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے شعبہ تعلیمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ اپنے علمی وقار کو پیش نظر رکھیں، بے عملی و بدعملی، حرص و طمع، خود غرضی اور متاع دنیا کی خاطر کسی بھی سطح تک گرجانے سے قطعاً گریز کریں، آپ ان اکابر دیوبند کے جانشین ہیں، جنہیں یہ چیزیں چھو کر بھی نہیں گذریں۔انہوں نے کہا کہ علم دین ایک جہد مسلسل جذبہ اصلاح اور ملی و قومی دردمندی سے عبارت ہے۔ علماء انبیاء کے وارث ہیں، نبی کا ترکہ ہر چند کہ علم ہے، لیکن نبی اپنی قوم کی ہمہ جہت ترقی و کامرانی کا طلب اور درپیش خطرات سے آگاہ کرتاہے اور ان کے ازالے کی تدابیر بتاتا ہے۔ آپ امت کے سامنے ایک ایسے مذہبی نمائندے کے طور پر سامنے آئیں جو ہر طرح کی تنگ نظری،جمود اور تشدد سے یکسر پاک ہو۔ آج جب کہ عالمی و ملکی میڈیا کے ذریعہ نت نئے مذہبی قضیے چھیڑ کر اسلام کو دقیانوس اور رجعت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے میں آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوںنے دفتر تعلیمات کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے تعلیمی ترقیات اور انضباط کے لئے کی گئی ناگزیر کارکردگیوں کا ذکر کیا۔ اجلاس کا انعقاد مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبندکی صدارت میں کیا گیا، آغاز مولانا قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دئیے۔ اس موقع پر تمام طلبہ کو بیش قیمتی کتب بطور انعام دی گئیں، جن میں تمام درجات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی انعام جب کہ سالانہ امتحان میں کامیاب تمام طلبہ کو عمومی انعام سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی دورہ حدیث شریف میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کوامتیازی انعام بھی دیا گیا، مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے تمام درجات میں پورے سال صد فیصد حاضر باش طلبہ اور تکمیل افتاء میں داخل تمام طلبہ کو خصوصی انعام سے سرفراز کياگياـ