اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مسلکی اور نظریاتی اختلاف کے باوجود مسلمان متحد ہوں، اگر مسلمان متحد ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں بگاڑ نہیں سکتی:شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 25 February 2019

مسلکی اور نظریاتی اختلاف کے باوجود مسلمان متحد ہوں، اگر مسلمان متحد ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں بگاڑ نہیں سکتی:شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

محمد فرقان
ــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 25/فروری 2019) امت مسلمہ میں کئی فرقے موجود ہیں۔ جس کی بنیاد پر آپس میں مسلکی اور نظریاتی اختلافات ہونا طے ہے۔لیکن آپسی اختلافات کے باوجود مسلمانوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آج کچھ لوگ اپنے مسلک کا نام لیکر، ایک دوسرے کو نیچا دیکھا کر امت میں پھوٹ ڈال رہے ہیں اور امت کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔ جس کا فائدہ براہ راست دشمنانِ اسلام کو پہنچ رہا ہے۔ دشمن مسلک اور نظریاتی اختلافات کو نہیں جانتے۔ اگر اسے کچھ معلوم ہے تو وہ صرف یہ ہیکہ یہ مسلمان ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مسجد معمور، گوری پالیہ، بنگلور میں ہزاروں مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ آج دشمن یہ پوچھ کر نہیں مار رہا ہے کہ تم دیوبندی ہو یا بریلوی، تم اہل حدیث ہو یا جماعت اسلامی، تم چلہ والے ہو یا چہلم والے، تم قاسمی ہو یا ندوی بلکہ دشمن کلمہ کی بنیاد پر مسلمانوں کو مار رہا ہے۔ اسے مسلک سے کچھ لینا دینا نہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ آج کے اس پر فتن دور میں اگر کوئی مسلک کے نام پر آپس میں لڑا رہا ہو تو سمجھ لو کہ وہ غدار ہے۔ آج مسلمان کی عزت و آبرو، جان و مال، دین و شریعت داؤ پر لگی ہوئی ہے لیکن آج کے نام نہاد لوگوں کو مسلکی اور نظریاتی اختلافات سے فرصت ہی نہیں۔ مولانا نے کہا کہ کس دور میں اختلاف نہیں ہوا لیکن کیا اختلاف کی وجہ سے آپس میں لڑنا صحیح ہے ؟مولانا نے فرمایا کہ ہمارا خدا ایک، نبی ایک، کتاب ایک، قبلہ ایک تو کیا ہم ایک ہوکر اغیار کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ مولانا شاہ قاسمی نے دوٹوک فرمایا کہ مسلمان کلمہ کی بنیاد پر ایک ہوجائیں۔ نیز فرمایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم غفلت سے نکلیں اور ہم میں بیداری پیدا ہو، عزم وحوصلے کے ساتھ شعور وسمجھداری آئے اور اتحاد دل کی گہرائیوں سے ہمارے اندر آجائے۔ تمام مسلکوں کا احترام پیدا ہو اور ان مسلکوں پر چلنے والوں میں اخوت ومحبت کاتعلق بڑھتا چلا جائے۔ مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جس دن مسلمان متحد ہوجائیں گے انشاء اللہ اغیار کا نام و نشان خود بہ خود مٹ جائے گا۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر شاہ ملت نے اپنے استاذ محترم، جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب مدظلہ کی صحت یابی کیلئے امت مسلمہ سے دعا کی اپیل کی۔