اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: موجودہ حالات میں معاشرے سے پہلے اپنی اصلاح کریں!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 4 February 2019

موجودہ حالات میں معاشرے سے پہلے اپنی اصلاح کریں!

مولانا مزمل الحق راشد ندوی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
حالات حاضرہ کے تناظر میں یہ بات صاف طور پر کہی جا سکتی ہے کہ ہر فرد بشر معاشرتی نظام کی فکر کرتا ہے جبکہ آج ہر فرد مسائل کا شکار نظر آتا ہے معاشرہ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ان تمام مسائل و مشکلات کا آسان حل یہ ہے کہ ہر فرد بشر اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کے بجائے اپنے اوپر عائد فرائض اور ذمہ داریوں کی فکر کرنا شروع کر دے معاشرہ کی تبدیلی فرد کی تبدیلی پر منحصر ہے اور فرد
کی تبدیلی کا انحصار خوف خدا اخلاقیات پر عمل اور ان اوصاف کے حامل لوگوں سے تعلق رکھنے پر ہے آج ہمارے معاشرے میں شدید اخلاقی انحطاط پایا جاتا ہے لوگ جوق در جوق بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں لوگوں نے نیکی و بدی اور حلال و حرام کی تمیز کو فراموش کردیا ہے اس معاشرتی بگاڑ کی وجہ پر ہمیں غور کرنا ہوگا کہ کیا ہم بحیثیت مسلمان اپنا فرض اچھے طریقے سے ادا کررہے ہیں آج جیسے جیسے وقت گزررہا ہے معاشرے میں بڑی سبک روی سے تبدیلی رونما ہوتی جارہی ہے ایک طرف جدید ٹکنالوجی کا دور دورہ ہے تو دوسری طرف نوجوان نسل بگڑتی جارہی ہے لیکن افسوس ہمارا پسندیدہ مشغلہ یہ بن گیا ہے کہ ہم دوسروں کو اس کا ذمہ دار بڑی تیزی سے ٹھہرا دیتے ہیں لیکن معاشرے کی اصلاح کیلئے ہم خود کوئی عملی اقدام نہیں کرتے دوسروں کے حق میں بہترین جج اور اپنی چھوٹی بڑی غلطی پر ہزاروں تاویلیں اور دلائل پیش کرکے اپنا دفاع کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں معاشرے کی اصلاح کا جو واحد کام ہم کرتے ہیں وہ دوسروں کو نصیحت ہے ہم ہر اچھے کام کی دوسروں کو نصیحت کرکے سمجھتے ہیں کہ ہمارا فرض پورا ہوگیا اسی نصیحت پر خود عمل پیرا ہونا بھول جاتے ہیں جب کہ سب سے پہلے ہمیں خود میں بہتری لانے کی کوشش کرنی چاہیے جب تک آپ خود بہتر نہیں ہوں گے آپ دوسروں کو بہتر نہیں بنا سکتے اگر ہم میں سے ہر شخص صرف اپنی ذات کو بہتر بنانے میں لگ جائے تو ہمارا پورا معاشرہ بہتر ہوجائے لیکن اس کے برعکس ہورہا ہے لوگ ایک انگلی دوسروں کی جانب اٹھانے سے پہلے اپنی باقی انگلیوں کی جانب غور نہیں کرتے جب تک معاشرے سے ایسی سوچوں کا قلع قمع نہیں ہوگا تب تک معاشرے میں اصلاح آنا ناممکن ہے اس کیلئے سماج کے ہر طبقے کو مشترکہ طور پر کوشش کرنی پڑے گی اور اس کیلئے پہلے خود کو تیار کرنا ہوگا اور اپنے اندر عملی اصلاح پیدا کرنی ہوگی اور سماج کے ہر شعبے میں کام کرنا ہوگا تعلیم و تربیت اخلاق شادی بیاہ اور آپسی اخوت اور رواداری، اگر ایسا ممکن ہوگیا تو سماج میں انقلابی تبدیلی خود بخود آجائے گی.