راشٹریہ علماء کونسل کی مدد سے دیوبند سے گرفتار نوجوان ہوئے رہا.
ـــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 22/فروری 2019) کل رات کے اندھیرے میں خفیہ ایجنسیوں سمیت پولیس نے دیوبند سے 9 لوگوں کو اٹھا لیا تھا اور الزام تھا کہ نوجوان دہشتگردی جیسے سنگین معاملے سے منسلک ہیں، اہل دیوبند میں ایک ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور اس بات پر زیادہ ڈر تھا کہ کسی کو بھی ان نوجوانوں کے بارے میں علم نہیں تھا کہ وہ کہاں پر رکھے گئے ہیں، اسی اثناء دیوبند سے تعلق رکھنے والے مولانا مہدی حسن عینی و عاصم طاہر نے راشٹریہ علماء کونسل کے قومی صدر مولانا عامر رشادی سمیت دیگر لیڈران سے رابطہ کیا اور انہیں معاملہ سے باخبر کر مدد کرنے کی درخواست کی، کونسل کے قومی
صدر مولانا عامر رشادی مدنی کے حکم پر قومی ترجمان طلحہ رشادی و محمد نسیم صاحب فورا حرکت میں آگئے اور ضلع انتظامیہ سے لیکر لکھنؤ میں بیٹھے اعلی افسران سے رابطہ کر انہیں غلط کاروائی نہ کرنے سمیت بےقصور بچوں کو رہا کرنے کا دباو بنایا، افسران نے کونسل لیڈران کو بتایا کہ شک کی بنیاد پر سب کو گرفتار کیا گیا ہے، اور بے قصوروں پر کوئی کاروائی نہیں ہوگی، وہیں لیڈران کے ایک سوال پر ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ ڈرنے کے بات نہیں ہے سبھی نوجوان سہارنپور میں ضلع ہیڈکوارٹر پر موجود ہیں اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے اور بےقصوروں پر کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی۔
کونسل نے اعلی افسران سے سخت لہجہ میں کہا کہ 2008 والا معاملہ دہرانے کی کوشش نہ کی جائے ورنہ کونسل جس طرح اعظم گڑھ سے لیکر دلی اور لکھنؤ تک احتجاج کیا تھا، ایک بار پھر خفیہ ایجنسیوں کو سکون سے جینے نہیں دے گی، آخر شام تک 9 میں سے 7 نوجوان کو پولیس نے رہا کردیا، جبکہ تفتیش میں کچھ سراغ ملنے کی بنا پر 2 کشمیری نوجوان کو پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لیا۔
قومی صدر مولانا عامر رشادی نے اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ہی اس معاملے میں محنت کرنے والے سبھی حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، ہر طرف مسلمانوں کو ہراساں کرنے، مسلم ہندو کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنے اور ان کے بنیادی حق چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم متحد ہوں اور اپنی قیادت و اپنی سیاست کو مضبوط کر دشمنوں کا منہ توڑ جواب دیں تاکہ آئندہ کوئی ہماری طرف آنکھ اٹھانے کی کوشش نہ کر سکے.