اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: نبی کریم ﷺ نے تاحیات رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف کیا ہے، اعتکاف کی غرض و غایت شب قدر کی تلاش ہے: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 25 May 2019

نبی کریم ﷺ نے تاحیات رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف کیا ہے، اعتکاف کی غرض و غایت شب قدر کی تلاش ہے: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

محمد فرقان
ـــــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 25/مئی 2019) اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کیلئے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کا مسنون عمل ہے۔اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں ٹھہر جانا اور خود کو روک لینا۔ شریعت اسلامی کی اصطلاح میں اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں روزے کے ساتھ اور عبادت کی غرض سے مسجد میں ٹھہرنے کو کہتے ہیں۔ہمارے آقا ﷺ نے تاحیات رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف فرمایا۔ لیکن افسوس کہ آج ہمارے پاس اعتکاف کیلئے وقت نہیں ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ صاحب قاسمی مدظلہ نے کیا۔

شاہ ملت نے فرمایا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے یعنی بڑے شہروں کے محلے کی کسی ایک مسجد میں اور گاؤں دیہات کی پوری بستی کی کسی ایک مسجد میں کوئی ایک آدمی بھی اعتکاف کرے گا تو سنت سب کی طرف سے ادا ہو جائے گی۔ اگر کوئی بھی اعتکاف نہ کرے تو سب گنہگار ہوں گے۔ اسی طرح مردوں کیلئے مساجد میں اور عورتوں کیلئے اپنے گھروں میں اعتکاف کا حکم ہے۔ اعتکاف سنت مؤکدہ کا وقت بیسواں روزہ پورا ہونے کے دن غروبِ آفتاب سے شروع ہوتا ہے اور عید کا چاند نظر آنے تک رہتا ہے۔ معتکف کو چاہئے کہ وہ وقت سے پہلے اعتکاف کی جگہ پہنچ جائے۔ مولانا نے اعتکاف کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اعتکاف کی غرض و غایت شب قدر کی تلاش ہے،جو رات ہزاروں مہینوں سے افضل ہے۔ نیز فرمایا کہ جس نے اللہ کی رضا کیلئے ایمان و اخلاص کے ساتھ اعتکاف کیا تو اس کے پچھلے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں۔ مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ اگر کسی شخص نے اللہ کی رضا کیلئے صرف ایک دن کا اعتکاف کیا تو اللہ تبارک و تعالیٰ اس شخص اور جہنم کے درمیان تین خندقوں کو آڑ بنا دیں گے اور ایک خندق کی مسافت آسمان و زمین کی درمیانی مسافت سے بھی زیادہ چوڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا جب ایک دن کی اتنی فضیلت ہے تو پورے عشرے کی کیا فضیلت ہوگی۔ مولانا نے فرمایا کہ افسوس کہ آج ہمارے پاس دنیاوی کاموں کیلئے وقت ہے لیکن دین کیلئے، اپنی آخرت کیلئے وقت نہیں۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ آج اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں موقع دے رہا ہے، دس دن گزرنے میں کوئی زیادہ وقت نہیں لگتا، آج موقع ہے اسکی قدر کرلیں کل اگر موقع نہ ملے تو صرف افسوس کرنا پڑے گا۔مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے تمام مسلمانوں سے آخری عشرے کا اعتکاف سنت مؤکدہ کرنے کی اپیل کی۔