اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ماب لنچنگ ایک دہشت گردی ہے لیکن اللہ کی ذات سے ناامیدی کفر ہے، ظالم حکمرانوں کا مسلط ہونا ہماری نافرمانیوں کی سزا ہے: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 26 June 2019

ماب لنچنگ ایک دہشت گردی ہے لیکن اللہ کی ذات سے ناامیدی کفر ہے، ظالم حکمرانوں کا مسلط ہونا ہماری نافرمانیوں کی سزا ہے: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

محمد فرقان
ـــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز26/جون 2019) ہندوستان کے حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں۔ جس ملک کو ہمارے اکابرین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آزاد کرایا تھا۔ اس ملک میں ہر آئے دن مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں۔ کبھی مسلمانوں کی شہریت چھیننے کے ذریعہ تو کبھی شریعت میں مداخلت کے ذریعہ، کبھی فرضی مقدمات کے ذریعہ تو کبھی ماب لنچنگ کے ذریعہ۔ ان تمام ظلم و تشدد سے مسلمانوں کے عزم و حوصلہ کو مسمار کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ لیکن یاد رکھو مسلمان ظلم سہنا بھی جانتا ہے اور ظلم کا جواب دینا بھی۔ مذکورہ خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ ماب لنچنگ ہجومی دہشت گردی ہے۔کسی نہتے پر ظلم و ستم کرتے ہوئے اسے مار مار کر موت کے گھاٹ اتار دینا یہ نامرددانگی کی دلیل ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد ملک میں ماب لنچنگ کے واقعات بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ کبھی گائے کے نام پر تو کبھی مذہبی نعروں کے نام پر قتل عام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کو دہشت گردی کے فرضی مقدمات میں گرفتار کرتی ہے لیکن ماب لنچنگ جیسی کھلی دہشت گردی میں ملوث مجرموں کو کھلے عام چھوڑ دیتی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ ماب لنچنگ کے ذریعہ مسلمانوں اور دلتوں کو ڈر و خوف میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ ملک کا اقلیتی طبقہ، ہر ایک مسلمان اور دلت اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہے نیز ماب لنچنگ کے ذریعہ دہشت گردی اور فرقہ پرستی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ مولانا نے دوٹوک کہا کہ اگر وقت چلتے ماب لنچنگ پر روک نہیں لگائی گئی تو ملک کے حالات اور خراب ہوسکتے ہیں۔
مولانا شاہ قاسمی نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے موجودہ حالات سے اکثر مسلمانوں کے عزم و حوصلے پست ہوتے نظر آرہے ہیں۔ لیکن یاد رکھو اللہ کی ذات سے ناامیدی کفر ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ ظالم حکمرانوں کا مسلط ہونا ہماری نافرمانیوں کی سزا ہے۔انہوں کہا کہ آج ہر ایک مسلمان کسی نہ کسی گناہ میں مبتلا ہے، جن لوگوں کے چہروں کو دیکھ کر لوگ ایمان قبول کرلیا کرتے تھے آج ان کے چہروں کو دیکھ کر یہ معلوم کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ یہ مسلمان ہیں بھی یا نہیں۔ ہم نے خود اپنے پیر پر کلہاڑی ماری ہے۔ہم نے خود دین سے دوری اختیار کی، دین و شریعت کے محافظ خود اسکے دشمن بن گئے، ہماری ماؤں اور بہنوں نے حضرت فاطمہ ؓکے دوپٹے کو پیروں تلے روندھا اور بازاروں کی زینت بنیں، ایمانداری و امانتداری کو وجود میں لانے والے مسلمانوں نے اسکے ساتھ ناانصافی کی تو کیا اللہ کو غصہ نہیں آئے گا اور اسکا قہر نازل نہیں ہوگا؟ مولانا نے فرمایا کہ مسلمانان ہند پر اللہ تبارک و تعالیٰ کا قہر نازل ہوا ہے کہ پھر سے انکے اپر ظالم حکمرانوں کو مسلط کردیا گیا ہے۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ اب بھی وقت ہے لوٹ آؤ اللہ کی طرف! اور جس دن مسلمان دین و شریعت کے پابند ہوجائیں گے اغیار خود بہ خود مرجائیں گے۔مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے ملک میں ظالموں کے خاتمے اور امن و سکون قائم ہونے کیلئے اللہ کے حضور توبہ و استغفار کرنے اور ظالم حکمران اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنا سب سے بڑا جہاد ہے.