عشرہ ذی الحجہ کی فضیلت
✍🏻 از :محمد عظیم فیض آبادی
استاذ دارالعلوم النصرہ دیوبند 9358163428
منڈی میں بسا اوقات اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں اس وقت تاجروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھتے ہیں زیادہ سے زیادہ اپنا سودا بازارمیں اتارنے اور اس کے فروخت کرنے کی تدابیر اختیار کرتے ہیں، ایسے موقعوں پر معمولی غفلت ولاپرواہی بھی بڑے تجارتی خسارے ونقصان کا با عث بنتی ہے اس لئے گرانی کے سبب بہت کم وقتوں میں جوکمائی ہوجاتی ہے بہت طویل وقت دینے اور کثیر سامان کے فروخت کرنے کے بعد بھی بسا اوقات وہ منافع حاصل نہیں ہوپاتے یہی کچھ حال عبادتوں کابھی ہے کہ بعض ایام واوقات میں نیکیوں کابھاؤ اس قدر بڑھ جاتاہے کہ مختصر ٹھوڑے اعمال کے ذریعہ اور قلیل وقتوں میں ڈھیر ساری نیکیاں سمیٹی جاسکتی ہیں جو عام دنوں میں زیادہ اعمال کرکے بھی اتنی حاصل نہیں ہوسکتی اس لئے ایسے بیش بہااوقات سے غفلت ولاپرواہی بڑے اخروی نقصان ودینی خسارے کا سبب ہوتے ہیں
عشرہءذی الحج انھیں قیمتی اوقات میں سے ایک ہیں جن میں نیکیوں کا بھاؤ بڑھ جاتاہے ان ایام میں عبادت حصول برکات کا ذریعہ اور گناہوں سے مغفرت وبخشش کا سبب بنتی ہےاس ماہ مقدس کو یہ اعجاز حاصل ہے کہ اللہ رب العزت نے اس کی دس راتوں کی قسم کھائی ہے احادیث مبارکہ میں اس کی بڑی فضیلت آئی ہے نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عبادت کرنے کے لئے اللہ کے نزدیک ذی الحج کے دس دن سب سے افضل وبہتر ہیں اسکے ہر دن کاروزہ ایک ایک سال کے روزوں کے برابر اور اس میں ہر رات کی وعبادت شب قدر میں عبادت کرنے کے برابر ہے اوران تمام ایام میں نویں ذی الحج اور اس کی راتوں کو خاص فضیلت حاصل ہے کہ نویں ذی الحج کا روزہ رکھنا ایک سال گذشتہ اور ایک سال آئندہ کے گناہوں کے لئے کفارہ ہے اور عید الاضحیٰ کی رات میں بیدار رہ کر عبادتوں میں مشغول رہنا بڑی فضیلت اور بڑے اجر وثواب کا باعث ہے
اس لئے ان اوقات وایام کی قدر کرتے ہوئے اپنے آپ کو گناہوں برائیوں ، لایعنی وفضولیات سے بچاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اعمال خیر کرکے نیکیوں کا بینک بیلنس بڑھانے کی فکر کریں ، تلاوت اذکار ودعاؤں میں اپنا وقت گذرریں نماز باجماعت کا اہتمام کریں ہرفرض نماز کے بعد استغفار وآیت الکرسی پڑھ لیا کریں اور نماز کی تسبیحات کا خاص خیال رکھیں ،تیسرا کلمہ جتنا ہوسکے پڑھتے رہیں ، حسب استطاعت تہجد کا اہتمام کریں یا کم از کم سونے سے پہلے دو چار رکعت تہجد کے ارادے سے پڑھ کر سوئیں ، 4 رکعت اشراق سورج نکلنے کے بعد اسی طرح بعد مغرب 4رکعت اوابین پڑھنے کی کوشش کریں چلتے پھرتے سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم کثرت سے پڑھیں اور اگر ہوسکے تو "حسبنااللہ نعم الوکیل نعم المولیٰ ونعم النصیر " اور یا"حی یا قیوم برحمتک استغیث "پڑھ کر ملک کے امن وامان اور مسلمانوں کے جان ومال عزت وآبرو کی حفاظت کے لئے خاص دعا ضرور کریں