اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: قرآن مجید کی عظمت و فضیلت محمد عباس دھالیوال ، مالیر کوٹلہ،پنجاب. رابطہ 9855259650 abbasdhaliwal72@gmail.com

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 17 November 2019

قرآن مجید کی عظمت و فضیلت محمد عباس دھالیوال ، مالیر کوٹلہ،پنجاب. رابطہ 9855259650 abbasdhaliwal72@gmail.com

قرآن مجید کی عظمت و فضیلت
محمد عباس دھالیوال ،
مالیر کوٹلہ،پنجاب.
رابطہ 9855259650
abbasdhaliwal72@gmail.com



اللہ کی بے شمار نعمتوں میں ایک عظیم ترین نعمت قرآن مجید کا نزول ہے۔ قرآن میں نازل کردہ احکامات و فرمان رب العالمین کی وہ رسی ہیں جنھیں مضبوطی سے پکڑنے والا دنیا وآخرت میں یقیناً کامیابی وکامرانی سے ہم کنار ہوگا۔
قرآن مجید میں پوری دنیا و انسانیت کی فلاح وبہودی کا سامان موجود ہے اور بلاشبہ یہ پوری انسانیت کو مکمل فطری دستورِ حیات مہیا کرتا ہے۔ یقیناً اس کی ہر ہر ہدایات پر عمل کر نے والا سعادت دارین حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا ۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  نے ارشاد فرمایا کہ بیشک وہ شخص جس کے دل میں قرآن کا کچھ حصہ(یاد) نہ ہو ، وہ ویران گھر کی طرح ہے ۔یعنی جیسے ویران گھر خیروبرکت اوررہنے والوں سے خالی ہوتا ہے، ایسے ہی اس شخص کا دل خیر وبرکت سے خالی ہوتا ہے.
ایک حدیث کا مفہوم  ہے کہ جس وقت تم میں سے کوئی اپنے پروردگار سے گفتگو کرنا چاہے تو اسے چاہیے کہ قرآن پڑھے یعنی قرآن مجید کی تلاوت کرے .قرآن مجید کی تلاوت کر نا گویا حق تعالی سے گفتگو کرنا ہے.
قرآن مجید پڑھنے والوں کا شمار غنی لوگوں میں ہوتا ہے یعنی وہ لوگ کہ جن کے سینہ میں اللہ تعالی نے اس قرآن کو رکھا ہے یعنی جس نے قرآن پڑھا اور اس پر عمل کیا تو اس سے بڑھ کر کوئی غنی نہیں۔ قرآن مجید پر عمل کرنے کی برکت سے حق تعالی باطنی غنا مرحمت فرماتے ہیں اور ظاہری کشائش بھی میسر ہوتی ہے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص قرآن پاک کا ایک حرف پڑھے اس کو دس نیکیوں کے برابر نیکی ملتی ہے۔ خیال رہے کہ الم ایک حرف نہیں بلکہ الف، لام، میم تین حروف ہیں۔ لہٰذا فقط اتنا پڑھنے سے تیس نیکیاں ملیں گے.
قرآن ایک ایسی حکمتوں سے پُر کتاب ہے جو ہم سبھی انسانوں کو سیدھی اور سچی راہ دکھاتی ہے.
 حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اﷲ عنہما روایت کرتے ہیں کہ جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اس کے لئے اس کے عوض ایک نیکی ہے اور ایک نیکی کا ثواب دس گنا ہوتا ہے۔ میں نہیں کہتا الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔(ترمذی،فضائل القرآن)
حضرت امام حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ سے روایات ہے کہ ایک مرد اکثر حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے دروازے پرآ تا تھا دنیاوی حاجتوں کے لیے سوال کرتا حضرت عمر نے اس مرد سے کہا کہ جا اور پڑھ خد اکی کتاب یعنی قرآن مجید تو وہ چلا گیا پھر کبھی اس مرد کو حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے پاس نہ پایا ۔ تو ایک روز آپ اس سے ملے اور آپ اس سے کچھ شکایت فرمائی کہ تمہاری ہم کو تلاش تھی بلا اطلاع کہاں چلے گئے۔ ویسے بھی جب کوئی کثرت سے آمد و رفت رکھتا ہو پھر دفعتاً آنا جانا چھوڑ دے تواس انسان کی فکری ہو ہی جاتی ہے کہ نہ معلوم کہاں چلا گیا کس حال میں ہے تو اس شخص حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو جواب میں عرض کیا کہ میں نے اللہ کی کتاب میں وہ چیز پا لی جس نے مجھے عمر کے دروازے سے غنی اور بے پرواہ کر دیا۔ یعنی قرآن مجید میں ایسی آیت مل گئی جس کی برکت سے میری نظر مخلوق سے ہٹ گئی اور خدا تعالی پر بھروسہ ہو گیا۔ غالباً مراد اس سے اس قسم کے مضامین ہوں گے جو اس آیت میں مذکور ہیں وفی السماء رزقکم وما توعدون۔ یعنی تمہاری روزی آسمان ہی میں ہے اور جس چیز کا تم وعدہ کیے گئے ہو وہ بھی آسمان میں ہے یعنی تمہاری روزی وغیرہ سب کاموں کا بندوبست ہمارے ہی دربار سے ہوتا ہے پھر دوسری طرف متوجہ ہونے سے کیا نتیجہ۔ (حدیث2،26۔)

قرآن مجید میں معاشرہ کے تمام طبقات کے لیے واضح دلیلیں و رہنمائياں موجود ہیں۔ قرآن پاک اعلیٰ اخلاق ، عمدہ اوصاف اور پاکیزہ صفات کا داعی ہے۔ ناروا  سختی ودرشتگی، فحاشی وبیہودہ گوئی، کبر ونحوت، فخر وغرور، غیبت وچغلخوری، زناکاری وبدکاری، چوری وڈاکہ زنی ، آپس کے اختلافات جیسے مذموم صفات پرنکیر کرتا اورحتی الامکان ان سے منع کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ارفع وادنیٰ، کالے اور گورے، عربی و عجمی کے درمیان کی تفریق کے تصور کو نیست و نابود کرتا ہے.
روز قیامت تلاوتِ قرآن کا اہتمام کرنے والوں اور اس کے معانی سمجھنے والوں کی شفاعت خود قرآن حکیم فرمائے گا۔ حضرت عبد اﷲ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن روزہ اور قرآن دونوں بندے کے لئے شفاعت کریں گے۔ (احمد بن حنبل، المسند)
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص قرآن شریف پڑھے اور اس کو حفظ کر لے اور اس کے حلال کو حلال سمجھے اور اس کے حرام کو حرام سمجھے داخل کرے گا اس کو اللہ تعالی جنت میں اور شفاعت قبول کرے گا اس کی دس آدمیوں کے حق میں اس کے خاندان والوں میں سے کہ ان میں سب کے سب ایسے ہوں گے کہ ان کے لیے دوزخ واجب ہو چکی ہو گی۔
 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا کہ تحقیق فلاں شخص تمام رات قرآن پڑھتا ہے پھر جب صبح قریب ہوتی ہے تو چوری کرتا ہے۔تو آپ نے فرمایا عنقریب اس کو روک دے گا اس کا قرآن پڑھنا یعنی قرآن کی تلاوت کی برکت سے یہ حرکت چھوٹ جائے گی۔

یہ قرآن مجید ہے جو مکمل شفاء ہے شکوک وشبہات کے روگیوں کو نسخہ کیمیا عطاء کرتا ہے رب العالمین ہمیں قرآن والا بنائے اس کی تعلیمات کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اس کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق و سعادت نصیب فرمائے ،آمین۔

محمد عباس دھالیوال ،
مالیر کوٹلہ،پنجاب.
رابطہ 9855259650
abbasdhaliwal72@gmail.com