رام پور میں پولس کی بربریت کی انتہا، بھوکے مر رہے ہیں غریب مسلمان
رام پور :28 دسمبر 2019
اتر پردیش کے رام پور میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کے بعد پولیس کے ایکشن نے خوف پیدا کر دیا ہے۔ لوگ سہمے ہوئے ہیں، سب کو کسی انہونی کا خدشہ ہے۔ پولیس گرفتاری کر رہی ہے۔ گرفتار لوگوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس بے قصور لوگوں کو اٹھا کر لے گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ غریب آدمی ہیں اور اجرت پر مزدوری کرکے گزارا کرتے ہیں، پولیس کی گرفتاری کی وجہ سے فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔
رامپور پولیس نے رام پور میں ہوئے ہنگامے میں ضمیر نام کے شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری کے بعد اس شخص کے گھر میں ہاہاکار مچا ہوا ہے۔ گرفتار ضمیر کی بیوی تسلیمہ نے کہا ہے کہ میرے شوہر مزدوری کا کام کرتے ہیں اور وہ نماز پڑھ کر آئے تھے تبھی پیچھے سے پولیس آئی اور ان کو پکڑ کر لے گئی۔ ضمیر کی ماں نے کہا کہ میرا بیٹا مزدوری کرتا ہے اور میں قرآن پڑھاتی ہوں۔ اس سے ہی ہمارا گھر چلتا ہے، اب میرے بیٹے کو پولیس لے گئی ہے، ہمارے گھر میں کھانے پینے کی پریشانی ہو رہی ہے، ضمیر کی ماں نے کہا کہ اب ہمیں مانگ مانگ کر کھانا پڑ رہا ہے اور ہم دانے دانے کو محتاج ہیں۔
پولیس نے ہنگامہ کے الزام میں محمود نام کے شخص کو بھی گرفتار کیا ہے۔ محمود کی بیوی شمیمہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر مزدوری کرتے ہیں اور ان کا کرایہ کا گھر ہے۔ شمیمہ نے کہا کہ ان کے گھر میں شوہر کے علاوہ کوئی نہیں ہے، گرفتاری کے بعد اب کھانے پینے کی پریشانی ہو رہی ہے۔ حالات اتنے خراب ہوگئے ہیں کہ سب کے گھر سے کھانا مانگ کر کھانا پڑ رہا ہے تو کبھی بھوکے پیٹ سونا پڑ رہا ہے۔ گرفتار پپو کی بیوی سیما کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کار چلاتے ہیں اور کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ سیما نے کہا کہ ہم دونوں شوہر بیوی کام کرتے ہیں تبھی گھر چلتا ہے۔ اب شوہر کی گرفتاری کے بعد پورے خاندان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بتا دیں کہ یوپی کے رام پور میں 21 دسمبر کو شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ 5 بائک اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی تھی۔ تشدد میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی، اب پولیس فساد کرنے کے الزام میں بے گناہ لوگوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔