’چلے جاؤ پاکستان، ورنہ میں چھوڑوں گا نہیں‘: میرٹھ ایس پی سٹی
میرٹھ :28 دسمبر 2019
ملک بھر میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران اترپردیش پولیس کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، جسے لے کر اس کے طریقہ کار پر سنگین سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں، یہ ویڈیو میرٹھ کا ہے اور 20 دسمبر کا ہے۔ 20 دسمبر کو لوگ یہاں پر شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے، ویڈیو میں سٹی ایس پی اکھلیش نارائن سنگھ مسلم مظاہرین کو دھمکی دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں سٹی ایس پی سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کر رہے لوگوں کو پاکستان جانے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
سٹی ایس پی میرٹھ اکھلیش نارائن سنگھ ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ جو لوگ سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کر رہے ہیں وہ پاکستان چلے جائیں، سٹی ایس پی کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، کھاؤ گے کہیں کا اور گاؤ گے کہیں کا، تصویریں لے لی گئیں ہیں، تمام لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے، کچھ ہوا تو قیمت چكاؤ گے۔
ایس پی سٹی اکھلیش نارائن سنگھ نے نازیبا زبان کا بھی استعمال کیا، انہوں نے کہا، ’’جو سیاہ پٹی اور پیلی پٹی باندھ رہے ہیں ان کو بتا رہا ہوں، وہ پاکستان چلے جائیں، مستقبل خراب کرنے میں سیکنڈ بھر لگے گا، ایک سیکنڈ میں سب کالا ہو جائے گا، ملک میں نہیں رہنے کی مرضی ہے تو پاکستان چلے جاؤ بھیا۔ بتاؤ… نہیں نہیں تصویریں لے لی ہیں، بتاؤں گا ان کو، ان کو بتا دینا، گلی مجھے یاد ہو گئی ہے، یاد رکھنا مجھے یاد ہو جاتا ہے تو نانی تک میں پہنچتا ہوں، یاد ركھیے گا آپ لوگ، تم لوگ بھی قیمت چكاؤ گے‘‘۔
اتر پردیش میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ ہو رہے ہیں، مظاہرین پر کارروائی کو لے کر مسلسل پولیس کے طریقہ کار پر سنگین سوال کھڑے کیے جا رہا ہیں. لیکن پولیس اس طرح کے تمام الزامات کو غلط بتا رہی ہے۔ پولیس پر لوٹ کے بھی الزام لگ چکے ہیں۔