وقف کی زمین پر چل رہے شراب ٹھیکہ کا لا ئسنس رد، کسی کا دباؤ برداشت نہیں ہوگا: امانت اللہ
دہلی وقف بورڈ کی لیگل ٹیم نے لاء آفیسر شائستہ صدیقی کی قیادت میں ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف ٹھیکہ کا لائسنس کینسل کرا دیا بلکہ دہلی ڈپٹی کمشنر آف ایکسائز سے شکایت کر کے اس پر سیل بھی لگوا دی ہے
نئی دہلی: مالویہ نگر میں خسرہ نمبر 489/55 پر دہلی وقف بورڈ کی زمین پر غیر قانونی قابضین کے ذریعہ شراب کا ٹھیکہ چلایا جا رہا تھا جس کا لائسنس دہلی وقف بورڈ کی لیگل ٹیم نے لاء آفیسر شائستہ صدیقی کی قیادت میں ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف کینسل کرا دیا ہے بلکہ دہلی وقف بورڈ کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر آف ایکسائز نے ٹھیکہ پر سیل بھی لگا دی ہے۔ یہ اطلاع وقف بورڈ کی طرف سے جاری ریلیز میں دی گئی ہے۔
ریلیز کے مطابق مالویہ نگر میں خسرہ نمبر 489/55 پرو 487 گزٹ نوٹیفائڈ دہلی وقف بورڈ کی زمین ہے جس پر کئی غیر قانونی قابضین ہیں۔دہلی وقف بورڈ کی لیگل ٹیم ان سب کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے جبکہ کچھ لوگوں کے خلاف وقف ایکٹ کی دفعہ 54کے تحت قبضہ خالی کرانے کی بھی کارروائی جاری ہے۔ادھر کئی ماہ قبل دہلی وقف بورڈکو شکایت ملی کہ مالویہ نگر میں وقف کی زمین پر شراب کا ٹھیکہ اوراسپا سینٹر چل رہاہے۔
دہلی وقف بورڈ کی سروے ٹیم نے فورا موقع کا معائنہ کیا اور شکایت صحیح پائے جانے پر محکمہ ایکسائز کو 16/04/2019 کو شکایتی مکتوب لکھا گیا جس پر محکمہ ایکسائز نے کارروائی شروع کی اور ایک طویل سماعت کے بعد کل 4/12/19 کو مالویہ نگر میں خسرہ نمبر489/55 دوسری منزل کارنر مارکیٹ پر چل رہے رنگ محل ریسٹورنٹ کا لائسنس L17/2018/04619 رد کردیا تھا اور آج محکمہ کے افسران نے موقع پر پہونچ کر دوکان پر سیل بھی لگا دی۔
واضح رہے کہ غیر قانونی قابضین نے وقف بورڈ کی سروے اور لیگل ٹیم کو ہراساں کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور موقع معائنہ کے دوران فرقہ وارنہ ماحول خراب کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی گئی۔دوران سماعت ایڈوکیٹ شائستہ صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور انھیں ہراساں بھی کیا گیا۔لیکن وقف کی ٹیم نے جانبازی دکھاتے ہوئے دوران سماعت محکمہ ایکسائز کو شواہد پیش کئے اور معاملہ کو مضبوطی سے پیش کیا۔