بہار :شہریت قانون کے خلاف 25 جنوری کو بنے گی انسانی زنجیر، تیاریاں مکمل
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے اپنے ایک بیان میں امارت شرعیہ کے ذریعہ اس انسانی زنجیر کی حمایت کرنے کی بات کہی جو 25 جنوری کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بنائی جا رہی ہے
بایاں محاذ کی پارٹیوں نے 25 جنوری یعنی ہفتہ کے روز شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف بطور احتجاج انسانی زنجیر بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس میں سبھی سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ گزشتہ 22 جنوری کو امارت شرعیہ پھلواری شریف، پٹنہ (بہار) میں منعقد کل جماعتی میٹنگ میں اس انسانی زنجیر کی حمایت کا فیصلہ لیا گیا۔ 34 سیاسی و غیر سیاسی جماعتوں نے بھی لیفٹ پارٹیوں کی اس انسانی زنجیر میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہار میں مودی حکومت کے خلاف بڑی تعداد میں لوگ احتجاج درج کریں گے۔ امارت شرعیہ نے سبھی سے گزارش کی ہے کہ ہفتہ کے روز دوپہر 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان بننے والی اس انسانی زنجیر میں شامل ہوں اور مرکزی حکومت کو بتائیں کہ انھیں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی منظور نہیں ہے۔
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے اپنے ایک بیان میں امارت شرعیہ کے انسانی زنجیر کی حمایت کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ 22 جنوری کو امیر شریعت حضر ت مولانا محمد ولی رحمانی کی قیادت میں بہار کی چھوٹی بڑی 34 سیاسی و غیر سیاسی پارٹیوں کے رہنما جمع ہوئے اور انہوں نے متفقہ طور پر سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے مکمل بائکاٹ کا اعلان کیا۔ میٹنگ میں شریک سبھی جماعتوں نے مل کر 25 جنوری کو لیفٹ پارٹیوں کی طرف سے بننے والی انسانی زنجیرمیں شریک ہونے اور 29 جنوری کو ہونے والے بھارت بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
امارت شرعیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پوری طرح سے اس انسانی زنجیر کی حمایت میں ہیں اور امارت شرعیہ میں اس کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ تمام قضاة، نقباء، نائبین نقباء، ارکان شوریٰ و عاملہ، ارباب حل و عقد، ضلع اور بلاک سطح کے ذمہ داروں، ائمہ کرام اور سیاسی و سماجی کارکنان کو انسانی زنجیر میں شریک ہونے کی دعوت دی جارہی ہے۔
مولانا محمد شبلی القاسمی نے میڈیا کو بتایا کہ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کی مخالفت ہر ہندوستانی کو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ضرور کرنا چاہئے اور ملک و دستور کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہنا چاہئے۔ ہمارا فرض ہے کہ اس مہم (انسانی زنجیر) کو کامیاب بنانے کے لیے ابھی سے سرگرم کردار ادا کریں، لوگوں سے اس مہم میں شریک ہونے کی درخواست کریں، ائمہ کرام سے بھی درخواست ہے کہ جمعہ میں اس کا اعلان کر دیں۔