صدر کووند کا قوم کے نام پیغام: ’نوجوان گاندھی جی کے عدم تشدد کے منتر کو ہمیشہ یاد رکھیں‘
صدر جمہوریہ کووند نے جمہوریت کے لئے حکمراں اور اپوزیشن دونوں فریقوں کو اہم قرار دیتے ہوئے عوام خاص طورپر نوجوانوں کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے عدم تشددے کے منتر کو ہمیشہ یاد رکھنے کی تلقین کی
نئی دہلی: صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے جمہوریت کے لئے حکمراں اور اپوزیشن دونوں فریقوں کو اہم قرار دیتے ہوئے عوام خاص طورپر نوجوانوں کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کے عدم تشددے کے منتر کو ہمیشہ یاد رکھنے کی تلقین کی۔
کووند نے 71ویں یوم جمہوریہ سے قبل کی شام سنیچر کو قوم کے نام پیغام میں کہاکہ کسی مقصد کے لئے جدوجہد کرنے والے، خاص طورپر نوجوانوں کو مہاتما گاندھی کے عدم تشدد کے منتر کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے جو انسانیت کو ان کا بیش قیمتی تحفہ ہے۔ کوئی بھی کام مناسب ہے یا نامناسب یہ طے کرنے کے لئے گاندھی جی کی انسانی فلاح و بہبود کی کسوٹی جمہوریت پر بھی نافذ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قوم کی تعمیر کے لئے گاندھی جی کے نظریات آج بھی پوری طرح اہمیت کے حامل ہیں۔ گاندھی جی کے سچ اور عدم تشدد کے پیغام پر ؎غور و فکر ہمارے روز مرہ کے کاموں کا حصہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آئین نے شہریوں کو کچھ حقوق دیئے ہیں لیکن اس کے تحت ہم سب نے یہ ذمہ داری لی ہے کہ ہم انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارہ کے اصل جمہوری اقدار کے تئیں ہمیشہ عہد بند رہیں۔ ملک کی مسلسل ترقی اور بھائی چارہ کے لئے یہی سب سے بہترین راستہ ہے۔
کووند نے جمہوریت میں حکمراں اور اپوزیشن دونوں فریقوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ سیاسی نظریات اور اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ساتھ ملک کی مجمو عی ترقی اور عوام کی فلاح وبہود کے لئے دونوں کو مل جل کر آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم 21 ویں صدی کی تیسری دہائی میں داخل ہوچکے ہیں جو نئے ہندستان کی تعمیر اور نئی نسل کے ابھرنے کی دہائی ہونے جارہی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ملک کے مجاہد آزادی آہستہ آہستہ بچھڑتے جارہے ہیں لیکن تحریک آزادی کے نصب العین مسلسل موجود رہیں گے۔ تکنالوجی میں ہوئی ترقی کی وجہ سے نوجوانوں کو وسیع معلومات حاصل ہے اور ان میں خود اعتمادی بھی زیادہ ہے۔ ان نوجوانوں میں ابھرتے ہوئے نئے ہندستان کی جھلک نظر آتی ہے۔
صدر نے ترقیاتی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ’سوچھ بھارت ابھیان‘ نے بہت ہی کم وقت میں متاثر کن کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پردھان منتری اجولا یوجنا کی حصولیابیاں فخر کرنے کے قابل ہیں، جس سے آٹھ کروڑ لوگ فیض یاب ہو چکے ہیں۔ سوبھاگیہ یوجنا سے عوام کی زندگی میں نئی روشنی آئی ہے اور وزیراعظم کسان سمان ندھی کے ذریعہ تقریباََ 14کروڑ کسان ہر برس چھ ہزار روپے کی آمدنی کے حقدار بنے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ جل جیون مشن بھی سوچھ بھارت ابھیان کی طرح ایک عوامی تحریک بنے گا۔
انہوں نے ملک کے ٹیکس نظام کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) نافذ ہونے سے ملک کے ایک ٹیکس ایک بازار کے تصور کو عملی شکل دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ای۔نام یوجنا سے ایک ملک کے لئے ایک بازار بنانے کا عمل مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے ملک کے ٹیکس نظام کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) نافذ ہونے سے ملک کے ایک ٹیکس ایک بازار کے تصور کو عملی شکل دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ای۔نام یوجنا سے ایک ملک کے لئے ایک بازار بنانے کا عمل مضبوط ہوا ہے۔
صدر کووند نے تعلیم کے شعبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس شعبہ کی کئی کامیابیاں قابل ذکر ہیں۔ ملک کا کوئی بچہ یا نوجوان تعلیم کی سہولت سے محروم نہ رہے، یہ کوشش کی جارہی ہے۔ تعلیمی نظام کو عالمی سطح کا بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کرتے رہنا ہوگا۔ صدر نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام کو اس پر فخر ہے۔ اسرو کی ٹیم اپنے مشن ’گگن یان‘ کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ملک کے شہری اس برس ہندستانی انسانی خلائی پروگرام کے تیز رفتار سے بڑھنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے ملک کی افواج، نیم فوجی دستوں اور داخلی سلامتی دستوں کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے اتحاد، یکجہتی اور سیکورٹی کو قائم رکھنے میں ان کی قربانی، بے مثال ہمت اور نظم و ضبط کی لازوال داستانیں موجود ہیں۔ کسان، ڈاکٹر، نرس، اساتذہ، سائنسداں، انجینئر، مزدور، کارباری، فنکار، پروفیشنلس اورہونہار بیٹیاں ملک کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے مضبوط داخلی سیکورٹی نظام کا ہونا ضروری ہے۔ اس لئے حکومت نے داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
صدر نے اسی برس ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے کھلاڑیوں اور ایتھلیٹوں کی نئی نسل نے حالیہ برسوں میں کئی اسپورٹس ٹورنامنٹوں میں ملک کا نام بلند کیا ہے۔ اولمپک 2020 کے اسپورٹس ٹورنامنٹس میں ہندستانی دستہ کے ساتھ ملک کے کروڑوں شہریوں کی نیک خواہشات اور حمایت کی طاقت موجود رہے گی۔