الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا
الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی کا الیکشن آزادانہ اور منصفانہ طور پر کرانے کے پیش نظر دہلی الیکشن دفتر اور دہلی پولیس کے متعلقہ حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگ کرتے ہوئے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی کا الیکشن آزادانہ اور منصفانہ طور پر کرانے کے پیش نظر جمعہ کے روز دہلی الیکشن دفتر اور دہلی پولیس کے متعلقہ حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگ کرتے ہوئے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کمیشن نے ایک بیان میں کہا، ’’کمیشن نے دہلی کے چیف الیکشن افسر، خصوصی پولیس کمشنر کے علاوہ ضلع الیکشن افسر، ضلع پولیس کمشنر، نوڈل افسر اور مقامی اداروں کے سی ای او کے ساتھ دہلی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا مکمل جائزہ لیا۔‘‘
کمیشن نے دہلی کے چیف سکریٹری، پولیس کمشنر، داخلہ سکریٹری،خزانہ کے سیکرٹری، خصوصی پولیس کمشنر کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں مختلف اہم معاملات پر بات چیت کی گئی تاکہ آٹھ فروری کو دارالحکومت کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پرامن طریقے سے ووٹنگ ہو سکے۔
چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور پرامن طریقے سے ختم ہو۔اس سے پہلے، کمیشن کے حکام کی ایک ٹیم نے شاہین باغ کا دورہ کیا تھا تاکہ علاقے کی صورت حال کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے۔ شاہین باغ میں شہریت ترمیم قانون (سي ا ےاے) اور قومی شہری رجسٹر (این آرسي) کے خلاف سینکڑوں خواتین دھرنا اور مظاہرہ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 70 رکنی دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے آٹھ فروری كو ووٹنگ ہونی ہے۔ نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا جائے گا۔
مرلی اخراجات، ایم کے داس پولیس کے خصوصی مشاہد مقرر
ای سی آئی نے دہلی کے سول اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد قومی راجدھانی خطہ دہلی میں قانون ساز اسمبلی انتخابات 2020 کے لئے بی مرلی کمار (سابق آئی آر ایس افسر- 1983 بیچ) کو اخراجات کے خصوصی مشاہد جبکہ مرنال کانتی داس (آئی پی ایس – 1977 بیچ) کو خصوصی پولیس مشاہد مقرر کیا ہے۔
اخراجات کے خصوصی مشاہد کے طور پر مرلی کمار دہلی کے اعلیٰ انتخابی افسر کے صلاح ومشورے سے انتخابی مشینری کے ذریع کئے گئے کاموں کی نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خفیہ معلومات اور سی – ویجل ، ووٹر ہیلپ لائن : 1950 کے ذریعے ،ایسے تمام افراد ؍ اکائیوں کے خلاف موصولہ شکایات کی بنیاد پر کارروائی کریں گے، جو نقد رقم ، شراب اور مفت اشیاء تقسیم کرکے ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی طرح داس ایک خصوصی پولیس مشاہد کے طور پر پولیس کی تعیناتی اور سکیورٹی سے متعلق دیگر امور کی نگرا نی کریں گے۔
آپ کو یاد ہوگا کہ ایم کے داس کو، جو منی پور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں، 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران تریپورہ اور میزورم کے لئے اور حال ہی میں ہوئے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں خصوصی پولیس مشاہد مقرر کیا گیا تھا۔ انکم ٹیکس محکمے میں تحقیقاتی شعبے میں ماضی کے تجربے کی بنیاد پر بی مرلی کمار کو حال ہی میں مہا راشٹر اور جھارکھنڈ میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران 8 پارلیمانی حلقوں کے لئے خصوصی اخراجات کا مشاہد مقرر کیا گیا تھا۔