کورونا وائرس: ’ ملک بھر میں آج رات سے 21 دن تک مکمل لاک ڈاؤن‘ وزیر اعظم کا اعلان
وزیر اعظم نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کو کرفیو ہی سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’میں مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ آپ ملک میں جہاں بھی ہیں وہیں رہیں۔ آج کی صورت حال کے پیش نظر یہ لاک ڈاؤن 21 دن کا رہے گا۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی آج ایک مرتبہ پھر قوم سے خطاب کر رہے ہیں۔ خطاب کے آغاز میں انہوں نے جنتا کرفیو کی کامیابی کے لئے ہندوستان کے ہر شہری کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آج یعنی منگل کی رات 12 سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کو کرفیو ہی سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’میں مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ آپ ملک میں جہاں بھی ہیں وہیں رہیں۔ آج کی صورت حال کے پیش نظر یہ لاک ڈاؤن 21 دن کا رہے گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر 21 دنوں میں نہیں سنبھلتے تو ملک 21 سال پیچھے ہو جائے گا، یہ بات میں وزیر اعظم کے طور پر نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ گھر کے رکن کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا گھر سے باہر نکلا ایک قدم کورونا وائرس کی بیماری کو آپ کے گھر کے اندار لا سکتا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ملک کی ہر ریاست، مرکز کے زیرانتظام ریاستوں، شہر، اضلاع، گاوں اور گلی محلے کو لاک ڈاون کیا جارہا ہے اور شہریوں سے امید ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل طورپر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ذرا سی لاپرواہی کورونا وائرس کو گھرمیں لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کے لئے یہ قدم ضروری ہے کیونکہ ہر ہندستانی کی زندگی کو بچانا ہے۔ اس لئے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں۔ اس وقت حالات کے پیش نظر یہ لاک ڈاون ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے اس لاک ڈاون کی بڑی اقتصادی قیمت ادا کرنی پڑے گی لیکن ہر ایک ہندستانی کی زندگی کو بچانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہاکہ آئندہ 21دن کا ان کا ایک ہی کام ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں۔
