لکھنؤ حج ہاؤس ’کورونا کوارنٹائن سنٹر‘ میں تبدیل، 5000 بیڈ کی سہولت
حج ہاؤس کے علاوہ ہوٹل حیات، ہوٹل فیئر فیلڈ، ہوٹل پیکاڈلی، ہوٹل لیگن ٹری کی خدمات بھی انتظامیہ نے حاصل کی ہیں۔ حج ہاؤس میں مریضوں کو کوارنٹائن کیا جائے گا جبکہ ہوٹلوں میں میڈیکل اسٹاف رہیں گے۔
ہندوستان میں کورونا کے بڑھتے قہر کے درمیان ریاستی حکومتیں اپنی اپنی ریاست میں اس کے اثرات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ یو پی میں بھی کورونا کے کئی پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں اور اس کے پیش نظر یوگی حکومت نے لکھنؤ واقع حج ہاؤس کو 'کورونا کوارنٹائن سنٹر' میں تبدیل کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق حج ہاؤس میں 5000 ہزار بیڈ کی سہولت موجود ہے اور فی الحال اس کی خدمات 14 اپریل تک کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔ لیکن حالات بہتر نہیں ہوئے تو اس تاریخ کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لکھنؤ-کانپور شاہراہ پر واقع حج ہاؤس میں کافی جگہ ہے اور یہاں ایسی سہولتیں بھی موجود ہیں جس سے یوگی حکومت کے لیے آسانیاں ہو جائیں گی۔ لکھنؤ ضلع انتظامیہ نے انہی سہولتوں کو دیکھتے ہوئے حج ہاؤس کو کورونا کوارنٹائن سنٹر بنانے کا فیصلہ لیا۔ حج ہاؤس میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کو کوارنٹائن کیا جائے گا اور وہ ڈاکٹرس کی نگرانی میں رہیں گے۔ قابل غور ہے کہ لکھنؤ میں اب تک کورونا کے 8 پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں اور کئی مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔
لکھنؤ واقع حج ہاؤس کے علاوہ ضلع انتظامیہ نے کچھ فائیو اسٹار ہوٹلوں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج ہاؤس کا استعمال جہاں مریضوں کے کوارنٹائن کرنے کے لیے کیا جائے گا وہیں ہوٹلوں میں میڈیکل اسٹاف کو کوارنٹائن کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہوٹل حیات، ہوٹل فیئر فیلڈ، ہوٹل پیکاڈلی، ہوٹل لیگن ٹری کو لکھنؤ ضلع انتظامیہ نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ خبروں کے مطابق رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ کے اسٹاف کے لیے ہوٹل حیات اور فیئرفیلڈ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جب کہ ایس جی پی جی آئی کے لیے ہوٹل پیکاڈلی اور لیمن ٹری کی خدمات لی گئی ہیں۔ ان جگہوں پر اسٹاف کو مفت رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔
یوگی حکومت لکھنؤ کے علاوہ بھی دیگر اضلاع میں ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤس، سرکاری و پرائیویٹ عمارتوں کو نشان زد کر رہی ہے جہاں پر مریضوں کو کوارنٹائن کرنے یا پھر میڈیکل اسٹاف کے رہنے کا انتظام کیا جائے گا۔ چونکہ اتر پردیش میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اس لیے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ مریضوں کو کوارنٹائن کرنے اور میڈیکل اسٹاف کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ آگے کی راہیں مشکل نہ ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے 14 اضلاع میں کورونا وائرس اپنے پیر پھیلا چکا ہے۔ تازہ معاملہ بریلی میں سامنے آیا ہے۔ اس کے علاوہ آگرہ میں 10، گوتم بدھ نگر میں 22، غازی آباد میں 5، جونپور میں 1، کانپور میں 1، لکھیم پور کھیری میں 1، لکھنؤ میں 8، مراد آباد میں 1، پیلی بھیت میں 2، شاملی میں 1، باغپت میں 1، میرٹھ میں 13 اور وارانسی میں 1 کیس سامنے آ چکے ہیں۔