یو پی: کورونا متاثرین کی تعداد ہوئی 82، نوئیڈا کے بعد میرٹھ پر قہر سب سے زیادہ
میرٹھ میں اتوار کو 8 مریضوں کی شناخت ہوچکی تھی، وہیں نوئیڈا میں پانچ، غازی آباد میں دو اور بریلی و آگرہ میں 1-1 نئے مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
لکھنؤ: نوئیڈا کے بعد اترپردیش کے میرٹھ میں کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد یوگی حکومت کے لئے باعث تشویش ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں ریاست کے مغربی ضلع میرٹھ کے 8 مریض شامل ہیں۔ جس کے ساتھ اب ریاست میں کل مصدقہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 82 ہوگئی ہے۔
آفیشیل ذرائع نے پیر کو بتایا کہ میرٹھ میں اتوار کی رات تک آٹھ مریضوں کی شناخت ہوچکی تھی جبکہ آج بھی یہاں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے امکانات ہیں، وہیں نوئیڈا میں پانچ، غازی آباد میں دو اور بریلی اور آگرہ میں ایک ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نوئیڈا میں سب سے زیادہ 32 کورونا سے متاثرہ مریضو کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک کمپنی میں کام کرنے والے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اس کمپنی کا آڈیٹر انگلینڈ گیا تھا جو وہاں کورونا وائرس سے متاثر ہوگیا اور اس کے رابطے میں آنے والے ملازمین بھی اس مہلک وبا کی زد میں آگئے۔
ریاستی حکومت نے نوئیڈا میں وائرس کے بڑھتے خطرات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے لکھنؤ سے ایک سینئرمیڈیکل افسر کو وہاں بھیجا ہے اس کے علاوہ نوئیڈا میں لاک ڈاؤن اور مشتبہ افراد کی قرنطینہ میں رہنے پر سختی سے عمل کرانے کے لئے ریپڈ ایکشن فورس اور پی اے سی کو تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ میرٹھ میں متاثرہ سبھی 13 مریض بلند شہر کے رہنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ رشتہ دار کے رابطے میں آئے تھے۔ جو وائرس کے پھیلنے کا اصل سبب مانا جا رہا ہے۔ غازی آباد میں دو نئے معاملے ملنے سے دہشت کا ماحول ہے۔ جس سوسائٹی میں یہ مریض ملے ہیں وہاں کے رہنے والے 76 افراد میں سے 21 میں کووڈ۔19 کے علامات پائے گئے ہیں اور انہیں آئیسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔جبکہ دیگر 55 افراد کو گھر میں ہی قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریاست میں ابھی تک 82 مریضوں میں سے آگرہ کے 11، غازی آباد کے سات، نوئیڈا کے 32، میرٹھ کے 13، لکھنؤ کے 8، وارانسی اور پیلی بھیت کے دو دو مریض شامل ہیں۔ ان کے علاوہ لکھیم پور کھیری، مرادآباد، کانپور، جونپور، شاملی، باغپت اور بریلی کے ایک ایک شخص میں اس مہلک وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں 14 مریض پوری طرح سے صحیاب ہوکر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پوری ریاست میں الگ الگ اسپتالوں میں 179 مشتبہ افراد کو داخل کرایا گیا ہے۔