اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: *تونے سیارے تراشے ہیں چراغِ شام سے۔۔۔۔!* 📝 *ابن سہیل احمد اعظمی*

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 11 July 2020

*تونے سیارے تراشے ہیں چراغِ شام سے۔۔۔۔!* 📝 *ابن سہیل احمد اعظمی*

*تونے سیارے تراشے ہیں چراغِ شام سے۔۔۔۔!*
               
  📝 *ابن سہیل احمد اعظمی*

اگر آپ ایسے شخص کی تلاش وجستجو میں ہیں جو درس وتدریس کے میدان کا قدیم شہسوار ہو، علم وعمل کی راہ کا بے مثل مسافر ہو، تحریرو تقریر میں یکتا ہو، اورشعر وشاعری میں ید طولیٰ رکھتاہو، اس کے ساتھ ساتھ، پاک طینت، نیک طبیعت، خاموش مزاج ، اور سادہ لباس ہو، مزید شہرت طلبی نام ونمود سے کوسوں دور رہتاہو تو آٸیے ہم آپ کو ملاتے ہیں خانوادہ عثمانی کے چشم وچراغ، دارالعلوم وقف کے قدیم استاذ حضرت مولانا قمر عثمانی صاحب دامت برکاتہم  سے انسانوں کے جمگھٹ میں ایسے افراد کا وجود اب غنیمت کے درجہ میں ہے۔

آپ مغربی یوپی کے مردم خیز آبادی والے ضلع سہارنپور کے حدود میں آنے والا مشہور ومعرف قصبہ دیوبند میں آزادٸ وطن سے بارہ برس پیشتر پیداہوٸے۔۔

ابتدا سے لیکر انتہا تک تعلیم کے تمام مراحل دارالعلوم کے علمی ماحول میں طے کٸے۔۔علم کے اس گہوارہ میں آپ نے جن اصحاب علم وکمال سے اکتساب فیض حاصل کیا ان میں شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ، امام المعقول والمنقول علامہ ابراھیم بلیاویؒ، شیخ الادب مولانا اعزاز علی امروہویؒ، محدث جلیل
مولانا ظہور احمد صاحب دیوبندیؒ، و مولانا بشیر احمد خان صاحبؒ کے نام نمایا ہیں۔

فراغت کے بعد عملی زندگی کا آغاز تدریس سے کیامدرسہ بہسانی اسلام پور میں چند سال تدریسی خدمات انجام دینے کے بعد دیوبند کے تین سو سالہ قدیم مدرسہ اسلامیہ اصغریہ میں عرصہ دراز تک مسند درس وتدریس کو زینت بخشتے رہے۔ اب 1983 عیسوی سے دارالعلوم وقف دیوبند میں تدریسی امور انجام دے رہے ہیں۔

درس نظامی کی بنیادی اور اہم کتابیں شرح جامی، مختصرالمعانی، مقامات حریری، جلالین، ہدایہ اولین، موطاامام محمد متعلق رہیں گذشتہ چند سالوں سے صرف ابن ماجہ شریف آپ کے متعلق ہے۔

پڑھنے پڑھانے سے جدا آپ کو شعروشاعری سے بھی خاص دلچسپی اور لگاٶ رہاہے اور ہے "نور ونکہت" کے نام سے آپ کا مجموعہ کلام1979 میں شاٸع ہوکر مقبولیت حاصل کرچکاہے۔ اس کے علاوہ مبارک تذکرے، علماٸے دیوبند کےتابندہ نقوش، اسلام کی بنیادی چیزیں آپکی نایاب تصانیف ہیں۔

"نور ونکہت" میں علامہ کشمیریؒ کے فرزند اکبر ماہنامہ دارالعلوم کے سابق ایڈیٹر حضرت مولانا سید ازہر شاہ قیصرؒ اظہار واحساس کے عنوان سے لکھتے ہوٸے آپ کی
 شاعری کے بارے میں کچھ یوں رقم طراز ہیں۔۔

شاعری کی قدرتی صلاحیتوں کےساتھ اگر شعر وادب کے فن پر بھی دسترس ہو اور قدیم وجدید شعرا کا کلام بھی شاعر کی نظر سے گذرا ہو تو پھر کہاجاسکتاہے کہ ایساشاعر شعر وادب کی روح وجسم پراختیار رکھتاہے اور اس کی شاعری ظاہر وباطن سے مکمل ہے۔۔

قمرعثمانی مجھ سے بہت چھوٹے ہیں لیکن مجھے اس کا اعتراف ہے کہ ایک طرف وہ معتبر عالم دین اور دارالعلوم کے فاضل ہیں ایک عرصہ سے درس وتدریس کی مسند پر رونق افروز ہیں۔ دوسری طرف کامیاب شاعر ہیں اور نثر نگاری پر بھی ان کو مکمل دسترس ہے۔ ان کے شعر وادب میں خشگی نہیں بلکہ شگفتگی اور حسن ہے غزل کو غزل کے داٸرے میں رہ کر کہتے ہیں اور غزل کے حقوق کو پہچانتے ہیں۔ اسی طرح نعت ونظم میں ان کا اپنا انداز ہے غزل کے حقوق کا انہوں نے کس درجہ لحاظ کیاہے۔ ذیل کے اشعار سے اس کا اندازہ کیجٸیے اور دیکھٸے کہ لب ولحجہ میں کتنا رچاٶ، فصاحت وبلاغت کا ایسا معیار اور غزل کی کیسی مزاجداری کی گٸی ہے۔

 (1) شوق کی راہ میں ہر طرح نبھاتے گزری
     دل کے زخموں کو زمانے سے چھپاتے گزری

           کچھ نہ کچھ جن کی بدولت ہے اجالوں کا بھرم
           اُن  چراغوں  کو ہواٶں  سے  بچاتے  گزری
         
(2) اُن کو دیکھا تو نہ تھا نام سنا جب ان کا
     ذہن میں بنتے رہے حسن کے پیکر   کتنے
   

        کہیں اپنوں کی عنایت کہیں غیروں کا کرم
        مسکراتے ہیں مجھے  دیکھ کے خنجر کتنے

(3) انھوں نے آبرو رکھ لی چمن میں آشیانے کی
     قمر اہل گلستاں نے جنھیں بے بال وپرجانا

راقم کو آپ سے ابن ماجہ شریف کی پڑھنے کی سعادت نصیب ہوٸی، درس نہایت آسان، آوازمیں مٹھاس، لب ولہجہ شیریں، ہوا کرتا ترجمہ کے بعد مختصر جامع تشریح کرتے ہوٸے آگے چلتے دوارن درس اکثر حکیم الاسلام قاری محمد طیب صاحبؒ کی مجالس ومحافل کا بھی ذکرخیر کرتے رہتے  چونکہ قاری صاحب سے آپ کا قلبی تعلق رہاہے۔

فی الحال آپ عمر کی چوراسویں بہار دیکھ رہے ہیں۔ دعاکہ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر میں برکت عطا فرماکر آپ کے فیض کو اسی طرح جاری وساری رکھے۔۔۔ *آمین*


نوٹ: اختصار کے پیش نظر بہت سی چیزوں کو نہی لکھاگیاہے۔۔ ان شاء اللہ کسی دوسرے موقع پر اس کو بھی سمیٹا جاٸے گا۔