کورونا بحران کے سبب آج ختم ہو سکتا ہے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس
مانسون کا اجلاس 18 دن کا تھا اور اس کا اختتام یکم اکتوبر کو ہونا تھا، لیکن کورونا کے بحران کے مزید سنگین ہو جانے کی وجہ سے اجلاس آج ہی ختم ہونے کا امکان ہے
نئی دہلی: کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے تقریباً پانچ کے ماہ بعد 14 ستمبر کو شروع ہونے والا پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس قبل از وقت ہی ختم ہو سکتا ہے۔ یہ اجلاس 18 دن کا تھا اور اس کا اختتام یکم اکتوبر کو ہونا تھا، لیکن کورونا وبا کے بحران کے مزید شدید ہو جانے کی وجہ سے اجلاس آج ہی ختم ہو ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثنا، بدھ کے حزب اختلاف کی غیر موجودگی میں حکومت نے روز یکے بعد دیگرے متعدد بلوں کو منظور کرا لیا ہے۔ اس میں زراعت سے متعقل تیسرا بل بھی شامل ہے۔ ان بلوں کے خلاف ملک بھر کے کسان سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور اپوزیشن نے بھی دو زرعی بلوں کے خلاف ایوانوں کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
حزب اختلاف کی عدم موجودگی میں مرکزی حکومت نے لیبر کوڈ سے متعلق تمام بل، ایف سی آر اے ترمیمی بل، جموں وکشمیر لینگویج بل اور نیٹنگ بل سمیت دیگر بلوں کو منظور کرا لیا ہے۔ راجیہ سبھا کی کارروائی کو آج شام 4 بجے ملتوی کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق، لوک سبھا کی کارروائی، جو آج سہ پہر تین بجے سے شروع ہوگی، ایک توسیع شدہ وقفہ صفر کے بعد شام پانچ بجے کے قریب غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کی جا سکتی ہے۔ وہیں راجیہ سبھا میں پانچ بل پیش کیے جانے کے بعد اسے بھی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا میں زرعی بل کی منظوری کے بعد سے حزب اختلاف اور کسانوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری تھی۔ اسی اثنا میں حکومت نے اتوار کے روز راجیہ سبھا میں دو بلوں کو پیش کیا اور صوتی ووٹ سے انہیں منظور کرا لیا۔ اس دوران کچھ اراکین پارلیمنٹ نے ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ جس کے بعد 8 اراکین پارلیمنٹ کو ایک ہفتہ کے لئے ایوان کی کارروائی سے معطل کر دیا گیا۔ یہ 8 ممبران اسمبلی تھے: ڈیرک او برائن (ترنمول کانگریس)، سنجے سنگھ (عآپ)، راجیو ساتاو (کانگریس)، کے کے راگیش (سی پی ایم)، سید ناصر حسین (کانگریس)، رپون بورا (کانگریس)، ڈولا سین (ترنمول کانگریس) اور ایلارام کریم (سی پی ایم)۔
مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے منگل کے روز کہا کہ راجیہ سبھا کے معطل ارکان اپنے طرز عمل پر بلا شرط معذرت کریں تو ان کی معطلی پر غور کیا جائے گا۔ پرساد کا یہ ریمارکس ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب راجیہ سبھا میں کانگریس کی زیر قیادت متعدد اپوزیشن جماعتوں نے 8 اراکین کی معطلی کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان بالا کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ ایوان بالا میں سب سے پہلے کانگریس کے اراکین نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ اس کے بعد عآپ، ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان نے بھی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔ بعد ازاں این سی پی، ایس پی اور آر جے ڈی کے ممبران بھی ایوان سے واک آؤٹ کر کے چلے گئے۔