ڈاکٹر کفیل کی رہائی خوش آئند، امید ہے اب اعظم خان کو بھی انصاف ملے گا
اکھلیش نے کہا کہ ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لئے ہائی کورٹ کے حکم کا ملک کے تمام انصاف پسند لوگوں نے خوشی کے ساتھ خیرمقدم کیا ہے۔ امید ہے کہ جھوٹے مقدمات میں پھنسے اعظم خان کو بھی جلد انصاف ملے گا۔
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے تحت جیل میں قید ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ انہی کی طرح فرضی مقدمات میں پھنسائے گئے ایس پی کے سینئر رہنما اعظم خان کو بھی جلد انصاف ملے گا۔
اکھلیش نے بدھ کے روز ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لئے ہائی کورٹ کے حکم کا ملک اور ریاست کے تمام انصاف پسند لوگوں نے خوشی کے ساتھ خیرمقدم کیا ہے۔ امید ہے کہ جھوٹے مقدمات میں پھنسے اعظم خان کو بھی جلد انصاف ملے گا۔‘‘
کفیل خان گزشتہ سال ترمیم شدہ شہریت ایکٹ (سی اے اے) کے خلاف علی گڑھ میں اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں قومی سلامتی ایکٹ (راسوکا) کے تحت تقریباً ساڑھے سات ماہ تک متھرا جیل میں بند تھے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر کفیل کان کو سی اے اے مخالف احتجاج میں شرکت کرنے اور مبینہ طور پر اشتعال انگریز بیان بازی کرنے کے الزام میں جیل میں قید رکھا گیا تھا جہاں ان پر قومی سلامتی قانون کے تحت بھی کارروائی کی گئی۔ اب تقریباً 8 مہینے جیل میں گزارنے کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر کفیل خان پر یوگی حکومت کی طرف سے کی گئی این ایس اے کی کارروائی کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر کفیل خان منگل کی دیر رات گئے متھرا جیل سے رہا ہو کر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں۔