اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مولانا_طاہر_مدنی_صاحب_کا_عملی_سیاست_سے_ریٹائرمنٹ_کا_اعلان

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 21 September 2020

مولانا_طاہر_مدنی_صاحب_کا_عملی_سیاست_سے_ریٹائرمنٹ_کا_اعلان

 

مولانا_طاہر_مدنی_صاحب_کا_عملی_سیاست_سے_ریٹائرمنٹ_کا_اعلان


عزیزان گرامی قدر و محبان گرامی منزلت!

گذشتہ 12 برس سے میں عملی سیاست میں سرگرم رہا اور راشٹریہ علماء کونسل کے پلیٹ فارم سے ممکن خدمت انجام دیتا رہا. بٹلہ ہاؤس فرضی انکاونٹر کے بعد اکتوبر 2008 میں کونسل کی تشکیل ہوئی اور میں بھی یکے از موسسین تھا. اس وقت بہت ڈر اور خوف کا ماحول تھا اور بطور خاص اعظم گڑھ کا مسلمان نشانے پر تھا. عاطف اور ساجد کی شہادت کا سانحہ پیش آیا تھا اور پوری کمیونٹی کو بدنام کیا جا رہا تھا، دہشت گردی کے نام پر نوجوانوں کو اٹھایا جارہا تھا اور انتہائی خوف کا ماحول تھا. اس وقت ایک مضبوط پلیٹ فارم کی ضرورت تھی. الحمد للہ کونسل نے اس ضرورت کی تکمیل کی. ظلم اور زیادتی کے خلاف ایک مضبوط تحریک کی بنیاد پڑ گئی، قوم کو نیا حوصلہ ملا اور اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے بیداری پیدا ہوئی.

کونسل نے یہ پیغام دیا کہ جمہوریت میں جس قوم کے پاس قیادت نہیں ہوتی، اس کے حقوق کی حفاظت نہیں ہوتی. قیادت کی اہمیت سمجھنے کی ضرورت ہے. کونسل نے سب کے لیے انصاف کی آواز بلند کی اور مسلم ہندو سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اختیار کی. پچھلے 12 سالوں سے کونسل کا سنگھرش سب کے سامنے ہے، یہی وجہ ہے کہ اب کونسل کا پیغام دور دور تک پہونچ گیا ہے. دور دراز کی ریاست آسام میں بھی اس کی مضبوط یونٹ قائم ہو چکی ہے. قومی صدر مولانا عامر رشادی مدنی صاحب کی قیادت میں کونسل اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اور سماج کے ہر طبقہ کے لوگ اس سے جڑتے جا رہے ہیں. اس پر اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے.

عملی سیاست کا کام بہت دوڑ بھاگ اور محنت شاقہ کا کام ہے. اس کے لیے بہت قربانی درکار ہوتی ہے. صحت اور تندرستی کی ضرورت ہوتی ہے، ورنہ اس کا حق ادا نہیں ہو سکتا ہے. دن کا آرام اور رات کی نیند قربان کرنی پڑتی ہے. اس میدان میں کوئی چھٹی کا دن نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی آرام کا وقت ہوتا ہے. رات میں دو بجے بھی اگر فون آگیا اور ضرورت پڑگئی تو نکلنا پڑتا ہے.

میری عمر اب 62 سال ہوگئی ہے. صحت تندرستی بھی اب پہلے جیسی نہیں رہی، بائی پاس سرجری ہوئی ہے اور شوگر کا بھی عارضہ ہے. اب زیادہ دوڑ بھاگ نہیں ہوسکتی. اس لیے میں نے عملی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے. کونسل کے ساتھ میرا اخلاقی تعاون برقرار رہے گا. میں کونسل کو ملک و ملت کی اہم ضرورت سمجھتا ہوں اور اس بات کی توقع رکھتا ہوں کہ لوگ اس کے ساتھ مخلصانہ تعاون جاری رکھیں گے اور اسے مضبوط کرتے رہیں گے.

اب جو بھی مہلت عمر بچی ہے، اسے یکسوئی کے ساتھ درس و تدریس، تعلیم و تربیت ،دعوت و تبلیغ، تصنیف و تالیف اور اصلاح و ارشاد کے کاموں میں لگانا چاہتا ہوں. اللہ سے توفیق مانگتا ہوں کہ آخری سانس تک اپنے دین کی خدمت لے اور اپنے بندوں کے کام آنے کی توفیق عطا فرمائے. آمین

اس وقت ہم اس ملک میں بہت نازک دور سے گزر رہے ہیں. بہت سوجھ بوجھ کے ساتھ مختلف میدانوں میں تقسیم کار کے اصول کے ساتھ کام کی ضرورت ہے. چیلنج بہت ہیں اور بہت کام کرنا ہے. منصوبہ بندی اور باہمی اشتراک و تعاون بہت ضروری ہے؛

فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں

موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں

اللهم وفقنا لما تحبه و ترضاه. آمین

طاہر مدنی  20 ستمبر 2020