اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: اسلام میں خدمتِ خلق !

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 27 November 2016

اسلام میں خدمتِ خلق !

ازقلم: مفتی محمد ثاقب قاسمی ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ اسلام میں جتنی اہمیت حقوق اللہ کی ہے اتنی ہی بلکہ بعض معنوں میں اس سے بھی زیادہ اہمیت حقوق العباد کی ہے، بندوں کے حقوق کا اسلام میں بہت لحاظ رکھا گیا ہے، مخلوقِ خدا کی خدمت کرنا، ان کے کام آنا، انکی مدد کرنا، مصائب وپریشانی کے وقت اس کا ساتھ دینا، ان کے دکھ درد کو بانٹنا ان کے ساتھ ہمدردی، غم خواری اور شفقت کرنا انکے حقوق میں داخل ہیں دین سراپا خیر خواہی کا نام ہے اگر کوئی بھائی کسی چیز کے متعلق مشورہ طلب کرے تو اسکو اچھا اور عمدہ مشورہ دے، اسی طرح اگر کوئی شخص مصیبت میں پھنس جائے اور اسکو مالی ضرورت ہو تو اسکی مالی مدد کا بھی انتظام کرے. ایک مشہور حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر بھلائی کے ساتھ چھ حقوق ہیں. (1) ملاقات کے وقت سلام کرے. (2) اسکی دعوت قبول کرے. (3) اسکی چھینک کا جواب دے. (4) بیماری کے وقت اسکی عیادت کرے. (5) جب اسکی وفات ہو تو اسکے جنازے میں شریک ہو. (6) جو کچھ آدمی اپنے لئے پسند کرے وہی اپنے دوسرے بھائی کے لئے بھی پسند کرے. اس حدیث شریف میں جن چھ چیزوں پر عمل کرنے کا حکم دیا جارہا ہے اگر ان حقوق کی ادائیگی کا ہم سب اہتمام کرنے لگیں تو معاشرے میں ایک خوشگوار انقلاب برپا ہوسکتا ہے اور باہمی ہم آہنگی اور اخوت کی مثال قائم ہوسکتی ہے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ عصرِ حاضر میں ہم نے صرف نماز، روزہ، حج اور زکوة کو ہی عبادت سمجھ لیا ہے اور عملی طور پر اخلاقیات، معاملات اور معاشرت کو دین کے دائرے سے تقریبا نکال رکھا ہے، حالانکہ یہ سب چیزیں بھی دین کا ایک اہم حصہ ہیں لہذا ہمیں اسلامی تعلیمات کے اس پہلو پر بھی عمل پیرا ہونا چاہیئے اور انسانی خیر خواہی اور انکی فلاح وبہبودی کے اعمال کو عبادت اور تقرب الہی سمجھ کر ادا کرنا چاہیئے.