اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…
Thursday, 15 December 2016
بینک سے کیش نہ ملنے پر نوجوان کے علاج میں ہوئی تاخیر، موت کے بعد لوگوں نے کیا روڈ جام!
® دانیال فیروز خان
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 15/دسمبر2016) بڈولی ماجرا گاؤں کے عارضۂ قلب میں مبتلا ایک نوجوان کی پی جی آئی چنڈی گڈھ لے جاتے وقت موت ہوگئی۔ گاؤں کے لوگوں نے بڑگاؤں جڑودہ پانڈہ روڑ پر جام لگادیا۔ جام کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ڈی ایم کی جانب سے متاثرہ خاندان کو معاوضہ دلائے جانے کی یقین دہانی کے بعد جام ختم کیا گیا۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بینک سے حسب ضرورت کیش نہ ملنے کی وجہ سے ان کے بیٹے کی موت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بڈولی ماجرا گاؤں کے باشندہ روندر اپادھیایہ کا 16 سالہ بیٹا رنکو عارضۂ قلب میں مبتلا تھا۔ دو یوم قبل اسکے اہل خانہ اسے سہارنپور کے ایک ہارٹ اسپیشلسٹ کے پاس لے کر گئے تھے۔ لیکن اس کی دوا سے کوئی آرام نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر نے مریض کو پی جی آئی کے لئے ریفر کردیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بینک سے کیش نہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے بیٹے کو وقت پر چنڈی گڈھ نہیں لے جا سکے اور واپس گھر لے آئے روندر اپادھیایہ نے بتایا کہ گاؤں کے ایک شخص نے اسکو دس ہزار روپے کا چیک دیا جس کے بعد وہ رنکو کو گھر سے چنڈی گڈھ لے جانے کے لئے چل پڑے لیکن پی جی آئی پہنچنے سے پہلے ہی ان کے بیٹے کی موت واقع ہوگئی۔ روندر کا کہنا ہے کہ رنکو گھر میں تنہا لڑکا تھا جس کی وت کے بعد پورے خاندان میں کہرام برپا ہوگیا۔ جس کے بعد ناراض اور غمگین گاؤں کے لوگوں نے بینک کے رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے روڑ جام کردیا۔ جام کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج رام پرکاش موقع پر پہنچ گئے اور جام کھلوانے کی کوشش کی۔ لیکن گاؤں کے لوگ مدد اور معاوضہ کے مطالبہ پر بضد رہے جس کے بعد تھانہ انچارج نے احتجاج کرنے والے لوگوں کی بات ایس ڈی ایم سے کرائی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکنہ مدد دلائے جانے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد جام کھول دیا گیا۔ ایس ڈی ایم نے خود مانا ہے کہ بر وقت علاج نہ ہونے کے سبب رنکو کی موت ہوئی ہے انہوں نے پٹواری اور قانوگو کو گاؤں بھیج کر رپورٹ منگائی۔ ایس ڈی ایم کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کو مناسب مدد دلانے کے لئے انتظامیہ کو تحریر بھیجیں گے۔ بعد ازاں سوگوار ماحول میں رنکو کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔