از: مفتی محمد ثاقب قاسمی
جنرل سیکریٹری مجلس صدائے حق پنجاب
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
مالیر کوٹلہ، پنجاب (آئی این اے نیوز 17/جنوری 2017)ہندوستان کی سرحدی ریاست پنجاب میں انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، الیکشن کے موقع پر ہر پارٹی دعوٰی اور وعدوں کی سوغات لئے ووٹروں کو رجھانے میں لگ گئی ہے، ہر پارٹی اپنے داغدار دامن کو چھپا کر عوام کی ہمدردی جتانے میں مصروف نظر آرہی ہے، تمام سیاسی پارٹیاں عوام کو اپنی طرف مائل کرنے میں مصروف ہیں اور انہیں اپنے کارناموں سے متعارف کرارہی ہیں، ہر پارٹی کے افراد بنگلوں سے سڑکوں کی طرف کوچ کررہے ہیں، ریلیاں نکالی جارہی ہیں، پروگرام منعقد ہورہے ہیں، بستی بستی، قریہ قریہ لوگوں سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں، تمام پارٹیوں نے انتخابات جیتنے کیلئے اپنی ساری طاقتیں جھونک دی ہیں، صوبہ پنجاب کے علاوہ مزید چار صوبوں میں الیکشن ہونے ہیں ہمارے صوبہ پنجاب خاص کر مالیر کوٹلہ شہر کے چھوٹے بڑے سبھی اس بات کو لیکر پریشان ہیں کہ ہمارے صوبہ کی باگ ڈور کون سنبھالے گا، ہمارے مالیر کوٹلہ شہر کا ایم ایل اے کون بنے گا.
صوبہ کا کوئی بھی دانشمند باشندہ یہ نہیں چاہتا کہ صوبہ پنجاب کا قائد کوئی ظالم وجابر یا تعصب پرست بنے،
بلکہ سب کی یہی خواہش ہے کہ ہمارے صوبہ کا رہنما کوئی منصف، عادل اور امانت دار بنے، اسی طرح ہمارے مالیر کوٹلہ شہر کا ایم ایل اے کوئی نیک اور شریف انسان بنے.
اسلئے میں تمام حضرات سے گزارش کرتا ہوں کہ ہم اپنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے کسی صاف شفاف اور دیانتدار کردار کے حامل کو اپنا رہبر منتخب کریں.