رپورٹ: ثاقب اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
بلریاگنج/اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 21/اپریل 2017) جامعة الفلاح بلریاگنج شعبہ حفظ کے صحن میں کل تکمیل حفظ قرآن کی مبارک و مسعود تقریب منعقد ہوئی سال رواں میں جامعہ سے حفظ مکمل کرنے والے 12طلباء نے ذمہ داران جامعہ و مہمان خصوصی حضرت مولانا عمران صاحب، مولانا فرقان بدر قاسمی مدنی صاحب اور حاضرین کے روبرو قرآن کریم کی آخری آیتیں تلاوت کر کے تکمیل حفظ کیا اس موقع پر مولانا مقبول فلاحی صاحب نے حوصلہ افزائی کے کلمات فرمائے اور فرمایا کہ حفظ کرنا بہت اہمیت کی چیز ہے، حافظ قرآن کی بہت عظمت ہے لیکن صرف تقریب میں تکمیل حفظ کرلینا یہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کو عملی زندگی میں اتارنے کی ضرورت ہے، آج ہم نے قرآن کریم کو صرف ایصال ثواب کے لئے سمجھ رکھا ہے جب کہ قرآن زندوں میں روح پھونکتا ہے اس لئے حفاظ کرام اس کو یاد رکھنے کی فکر کریں.
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فرقان بدر قاسمی مدنی نے تعلیم کی اہمیت اور مقصد کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کا حفظ اور اس کے معانی و مطالب کی سمجھ حاصل کرنا انبیاء کے کاموں میں سے ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاموں میں سے تلاوت آیات، تزکیہ نفس اور حکمت و دانی ہے، مدارس کا سلسلہ درسگاہ نبوی سے جا ملتا ہے مدارس کے اندر حافظ قرآن عالم دین بنائے جاتے ہیں تاکہ قرآن کی آیتیں تلاوت کر کے لوگوں کے دلوں میں کتاب اللہ کی محبوبیت پیدا کریں اور عالم دین بن کر امت کی اصلاح کرسکیں.