رپورٹ: ثاقب اعظمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
منگراواں/اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 1/اپریل 2017)منگراواں میں واقع الامین نیشنل اسکول کے سالانہ جلسہ و تقسیم انعامات کی تقریب میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے، اس سالانہ جلسہ میں دار المصنفین کے رفیق مولانا عمیر الصدیق ندوی نے اپنی تقریر میں عالمی سطح پر تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں مسلمانوں کی روشن تاریخ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوۓ مستقبل کے حوالے سے سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی دعوت دی۔
الہ باد یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے اسسٹنٹ پروفیسر مرزا محمود بیگ نے علم کی اہمیت بتاتے ہوۓ کہا کہ امریکا کی مشہور ہارورڈ یونیورسٹی کے گیٹ پر بھی قرآنی آیات لکھی ہوئی ہیں۔ ادارے کی تاسیس کو ایک خوش آئند قدم بتاتے ہوئے انہوں نے منتظمین کو مبارک باد پیش کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں جامعۃ الفلاح کے ناظم مولانا طاہر مدنی نے مذہبی علوم کی اہمیت اور غرض وغایت پر بڑی مفید باتیں پیش کیں اور ساتھ ہی عصری علوم کو مذہبی علوم کے ساتھ امتزاج پر بھی زور دیا۔ ہندوستان میں مسلمانوں کی تعلیمی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوۓ مولانا نے الامین کی کوششوں کو سراہا۔
اس پروگرام میں امجد علی غزنوی انٹر کالج کے استاد نور الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، ادارہ کے سرپرست عبدالباقی ریٹائرڈ پرنسل محمد مسعود خان انٹر کالج نے مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کرکے سامعین کا دل موہ لیا بعد ازاں انعامات کو تقسیم کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
الامین نیشنل اسکول کے بانی احمد ریحان فلاحی نے ادارہ کے مقاصد و اہداف اور اس کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔