رپورٹ: ثاقـب قاسمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دتیا/ ایم پی(آئی این اے نیوز17/مئی 2017)جامعہ قاسم العلوم دتیا، ایم پی میں جمعیة علماء ایم پی کی جانب سے پہلی مرتبہ ایک عظیم الشان اجلاس بعنوان تحفظ شریعت اور جنگ آزادی میں مسلمانوں کا کردار منعقد کیا گیا، جس کی سرپرستی حضرت مولانا طفیل احمد صاحب بھوپالی صدر جامعہ قاسم العلوم فرمارہے تھے، نظامت کے فرائض ادارہ کے بانی ومہتمم مفتی محمد ثناء اللہ قاسمی صاحب انجام دے رہے تھے، مہمان خصوصی کے طور پر قائد جمعیة علماء مدھیہ پردیش مفتی ضیاء اللہ قاسمی صاحب شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ ترجمہ والی مسجد بھوپال کو مدعو کیا گیا تھا، سب سے پہلے مفتی عرفان صاحب قاسمی مہتمم شاہ اہل اللہ پھلت مظفر نگر و صدر جمعیة علماء پھلت نے اتحاد ملت پر بہت عمدہ بات کی، اور پورے ملک وقوم کو متحد ہوکر کام کرنے کی تلقین کی، اور یہ باور کرایا کہ اگر ہمارے اندر اتحاد ہو تو ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ہماری قوم اور ملک بہت آگے بڑھ سکتا ہے.
مولانا شمشاد صاحب قاسمی امام وخطیب انوار مدینہ مسجد بنگار پیٹ بنگلور نے تین طلاق کے متعلق عوام میں جو غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں اس کا ازالہ کرتے ہوئے شریعت مطہرہ کی صحیح تصویر پیش کی، اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صحیح موقف کو بیان کیا.
مفتی نظام الدین صاحب قاسمی استاذ تفسیر وفقہ جلال آباد، یوپی نے سیرت طیبہ پر دل کش بیان کیا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے کے حالات پر بھی روشنی ڈالی، مزید آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق وعادات کا بھی تذکرہ کیا.
مفتی ضیاء اللہ صاحب قاسمی شیخ الحدیث مسجد ترجمہ والی بھوپال نائب صدر جمعة علماء مدھیہ پردیش نے تاریخ جمعیة پر روشنی ڈالی اور جمعیة کی تمام سرگرمیوں سے واقف کرایا.
مفتی محمد ثناء اللہ قاسمی صاحب بانی ومہتمم جامعہ قاسم العلوم و ناظم دینی مسائل گروپ نے جنگ آزادی کی تاریخ بیان کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ جنگ آزادئ ہند میں مسلمانوں کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، علمائے کرام اور ہمارے اسلاف نے اپنے ملک کی آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ملک کی آزادی کی خاطر اپنا خون بہانے اور اپنے جان ومال کی قربانی دینے میں مسلمان کسی سے پیچھے نہیں ہیں لیکن افسوس صد افسوس ہمارے اسلاف کی خدمات اور انکی سرفروشی کے آثار ونشانات تاریخ کے اوراق سے مٹانے کی انتھک کوششیں کی جارہی ہیں اور سب سے زیادہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ہماری قوم اپنی تاریخ سے ناواقف ہے کسی بھی قوم کی پس ماندگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ قوم اپنے بڑوں کی تاریخ کو بھلا دے. آخر میں مفتی محمد ثناء اللہ قاسمی صاحب کے صاحبزادے یوسف انور نے ملک کی ترقی کے عنوان سے عمدہ لب ولہجہ کے ساتھ ایک خوبصورت تقریر پیش کی.
واضح رہے کہ دتیا، ایم پی میں جمعیة العلماء کا قیام عمل میں آیا جس کے صدر کے طور پر مفتی محمد ثناء اللہ قاسمی صاحب کا انتخاب کیا گیا، عوام وخواص نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مفتی صاحب کو مبارک بادیوں اور دعاؤں سے نوازا نیز اس جلسہ میں علاقہ وبیرون علاقہ کے لوگ کثیر تعداد میں شریک تھے.