رپـورٹ: وسیـــم شیــخ
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
لکھنؤ(آئی این اے نیوز 23/جولائی 2017) راشٹریہ علماء کونسل کی لکھنؤ آفس میں یوپی کے پارٹی عہدیداروں اور سرگرم کارکنوں کی کل نشست ہوئی، جس میں قومی صدر مولانا عامر رشادی مدنی صاحب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی توفیق سے یہ کام شروع ہوا ہے اور بتائید الٰہی جاری رے گا ان شاء اللہ، ہمارا مقصد سب کو انصاف دلانا اور سماجی انصاف کا حصول ہے، ہمیں بے لوثی کے ساتھ سماج سیوا کا کام کرنا ہے، ہمارے سماج میں برادری واد ایک بہت بڑی بیماری ہے، جس کو ختم کرنا ہوگا، موجودہ حالات میں خوف و ہراس کی ضرورت نہیں ہے، ہمت اور حوصلے سے کام لیں اور جہاں کوئی ظلم و تشدد ہو، پہلی فرصت میں ایف آئی آر ضرور کرائیں، یہ ایک اہم ہتھیار ہے، آج سیاست مفادات کے ارد گرد گھومتی ہے، آپ کو بااصول سیاست کا ثبوت دینا ہے، پارٹی کے اندر اگر کوئی تھانہ تحصیل کی دلالی کا مرتکب ملے گا تو اس کے خلاف فوراً کارروائی کی جائے گی، ممبر شپ کی مہم چلائیں اور زمینی سطح پر کام کریں اور فیسبکیا ہرگز نہ بنیں.
سراج نعیم صاحب علی گڈھ نیشنل کوآرڈینیٹر نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ مقصد ہمیشہ یاد رکھیں، انصاف کیلئے جد و جہد ہی ہمارا نصب العین ہے اور تمام مظلوموں کا ساتھ دینا ہماری پہچان ہے، پارٹی کے اندر تین امور کی خاص اہمیت ہے؛ ڈسپلن، باہمی اخوت اور زبان پر قابو؛ ان کا بہت خیال رکھنا چاہیئے، سیاسی پارٹی کو افرادی قوت اور وسائل کی ضرورت ہوتی ہے، ممبر سازی کام ٹھیک سے کریں، دونوں مسائل حل ہوں گے، 4 سال کیلئے پلاننگ کرلیں اور خوب محنت کریں، نتیجہ ضرور نکلے گا. ان شاء اللہ.
مولانا طاہر مدنی صاحب نے اپنی گفتگو میں موجودہ حالات کے پیش نظر آپسی بھائی چارہ بڑھانے پر زور دیا اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کے خلاف مہم کی تاکید کی، ضلع ہیڈ کواٹرس پر جن ضرورتوں کیلئے اندولن پر زور دیا اور 10 اگست کو ہر مقام پر دفعہ 341 میں مذہبی قید کے خلاف یوم سیاہ کے پروگرام منعقد کرنے کی تاکید کی. واضح ہو کہ نشست میں کشی نگر سے لے کر جالون تک کے پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی، نکائے چناؤ کی تیاری میں جٹنے اور تنظیمی کاموں کو جلد مکمل کرنے پر ریاستی صدر ٹھاکر انل سنگھ نے زور دیا، ضلع وار کاموں کا جائزہ لیا گیا اور کارکنان کی تجاویز پر غور کیا گیا، نئے جوش و خروش کے ساتھ کام کا عہد لے کر شرکاء اپنے اپنے مقام کیلئے روانہ ہوئے.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اعــظــم گـڑھ و اطـراف کی خبــروں کیلئے ہمارا فیســبک پیج لائــک کریں.
http://www.facebook.com/inanews.in/