رپورٹ: ابوالفیض خلیلی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
مبارکپور/اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 23/جولائی 2017) جمعیت اہل حدیث املو کے زیر اہتمام مدرسہ اسلامیہ انوارالعلوم املو میں آج صبح آٹھ بجے ایک حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرب وجوار کے عازمین حج نے شرکت کی، اس موقع پر مولانا عبدالرحمن مطیع اللہ مدنی نے عازمین حج کو احرام باندھنے، مقدس مقامات، عمرہ اور حج کی دعائیں، اعمال، فرائض اور واجبات حج کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کرائی۔
مولانا عبدالرحمن مطیع اللہ نے اپنے خطاب میں کہا حج ایک ایسی عبادت ہے جس کا موقع زندگی میں بار بار نہیں آتا، لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد اور سفر کی مشقتوں کو برداشت کرکے بھی کچھ لوگ حج کی مقبولیت سے محروم رہ جاتے ہیں اُنکا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حاضری، مقامات مقدسہ کی زیارت اور واپسی پر زم زم کھجور کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہوتا، اس کے لئے ہر عازم حج کو مکمل تربیت پا کر ہی سفر حج کرنا چاہئے۔
مولانا فاروق عبداللہ رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے جس میں ایک طرف تو توبہ استغفار، عاجزی اور انکساری، تقوی و پاکیزگی، صبر و ضبط شامل ہے، دوسرے اس میں ملت اسلامیہ کا اتحاد بھی نظر آتا ہے، غرض حج ایک ہمہ جہت عبادت ہے۔
اس موقع پر مدرسہ اسلامیہ انوارالعلوم کے ناظم اعلٰی حافظ محمد انور املوی، مولانا نسیم احمد سلفی، مولانا فاروق عبداللہ رحمانی، مولانا شاہد جمال ندوی، مولانا ناظم الدین نذیری، ڈاکٹر صلاح الدین نعمانی، آفتاب عالم لوہیا، ماسٹر مختار احمد املوی اور اقبال احمد وغیرہ خاص طور سے موجود تھے ۔