رپورٹ: سلمان کبیرنگری
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ
بستی(آئی این اے نیوز 25/جولائی 2017) ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانوں کو مایوس اور خوفزدہ ہونے کے بجائے ہمت اور حوصلہ سے رہنے کی ضرورت ہے، نبی اکرم صلعم کے مبارک دور میں کفار مکہ نے صحابہ کرام پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی تھی مگر وہ اپنے ایمان اور عقائد پر ڈٹے رہے اور ہمت نہیں ہاری، ہم بھی اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے حوصلہ بلند رکھیں، اور برادران وطن کے ساتھ حسن سلوک اور محبت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کے قریب ہوں تاکہ نفرت مٹے اور محبت ایک دوسرے کے تئیں ہمدردی پیدا ہو اور ایک صالح معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے.
ان خیالات کا اظہار جامعۃ الطیب دیوبند کے مہتمم مولانا محمد غفران قاسمی بستوی نے اپنے وطن دودھارا میں ایک شادی کی تقریب میں میڈیا سے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانیت کے تحت ہر کسی کے کام آنا چاہئے دوسرے کے دکھ کو اپنا دکھ اور دوسرے کے درد کو اپنا درد سمجھنا چاہیے.
مولانا غفران نے کہا کہ ہماری تنظیم دیوبند ایجوکیشنل ویلفئر سوسائٹی دیوبند بغیر کسی بھید بھاؤ کے سماج میں ہر ضرورت مند طبقہ کے لئے کام کرتی ہے، مولانا نے اپنی خدمت کو بارگاہ خدا وندی میں قبولیت کے لئے امت مسلمہ سے دعاء کی درخواست کی.
اس موقع پر سلمان عارف ندوی، صابر علی، منور حسین، عدنان احمد، زاہد قاسمی وغیرہ موجود تھے.