رپورٹ: ثاقب اعظمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
کانپور(آئی این اے نیوز 13/اگست 2017) ہندوستان کی شان آن اور بان کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی طبقے و فرقہ کے شرپسند عناصر کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کثرت میں وحدت و بقائے باہم ہندوستان کا طرہ امتیاز ہے ملک دشمن اس کو سبوتاز کریں، یہ ہم کبھی گوارہ نہیں کریں گے۔
مذہب کے نام پر تشدد و ملک کی ایکتا کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت ہم قطعی نہیں دیں گے، ہندوستان صدیوں سے بھائی چارہ و محبت کا پیغام دنیا کو دیتا آیا ہے اور پورے عالم میں ہندوستان کے خوشگوار اور محبت کی مثال دی جاتی رہی ہے، ہم اپنے ملک کی بدنام کرنے والی اندرونی وبیرونی دشمن طاقتوں کا جواب محبت، یکجہتی اور بھائی چارہ کے پیغام کو عام کرکے دیں گے، اتحاد ہماری طاقت ہے انگریز جیسی جابر حکومت بھی ہمارے اتحاد کو مکمل ختم نہیں کرسکی ہے موجودہ وقت میں تن کے گورے من کے کالے انگریزوں کو منصوبے کو کچھ ملک دشمن عناصر کامیاب کرنا چاہتے ہیں ہم ان کا ہر حال میں مقابلہ کریں گے اور ہندوستان کا شیرازہ بکھرنے نہیں دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار جمعیة علماءاترپردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے شکشک پارک سے مہاتماگاندھی مجسمہ پھول باغ سے نکالے گئے امن مارچ کے اختتام پر جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ یہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ ہمارے وطن عزیز میں ایک طویل عرصے سے کچھ ایسی قوتیں سر اٹھائے ہوئے ہیں جو دستور کی پامالی، قانون کے عدم احترام اور ملک میں ایک مخصوص فرقے کے افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ یہ لوگ امن وامان کے دشمن، ملک کی دنیا بھر میں بدنامی کا سبب اور مادر وطن کے ماتھے پر کلنک کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ ملک بھر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں خوف کی نفسیات پیدا کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور ملک کے سیکولر جمہوری تانے بانے کو تار تار کرنا چاہتے ہیں ، اس صورت حال میں جمعیة علماءہند خاموش نہیں بیٹھ سکتی اور نفرت وعناد اور فساد کی ان قوتوں کے خلاف امن ، اتحاد، باہمی یگانگت اور مذہبی مفاہمت کا ماحول پیدا کرنے کے لئے تمام اہل وطن کو آواز دیتی ہے کہ ” عنادل باغ کے غافل نہ بیٹھیں آشیانوں میں “ ہر وہ شخص و تنظیم جو امن امان کو غارت کرنے کی کوشش کرتی ہے وہ صرف کسی ایک فرد یا فرقے کی نہیں بلکہ ملک کی دشمن ہے ایسے تمام عناصر کی طرف سے سرکاروں اور انتظامیہ کی چشم پوشی ملک کو انارکی اور عدم استحکام کی طرف لے جاسکتی ہے، ایسے فسطائیت اور تشدد پسندوں کے ننگے ناچ کو فورا روکا جائے اور امن وامان کو استحکام بخشا جائے کیونکہ اس کے بغیر ملک ترقی کی طرف گامزن نہیں ہوسکتا اور اس کی روشن تصویر دنیا میں دھندلا سکتی ہے ۔
مولانا اسامہ قاسمی نے مزید کہا کہ ہندوستان ہمارا پیارا وطن ہے اس کے چپہ چپہ سے ہمیں پیار ہے ، اس ملک کی سب سے بڑی پہچان کثرت میں وحدت ہے ، یہاں صدیوں سے مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے آئے ہیں، انگریز جیسی جابر حکومت بھی ہمارے اس امتیاز کو پوری طرح ختم کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ سب ہندوستانیوں نے مل کر ملک کو انگریزوں سے آزادی دلائی، یہ آزادی اس وقت ہمارے لئے کار آمد ہوگی جب وہی پرانا بھائی چارے اور یکجہتی کا ماحول ملک میں قائم رہے، ہر طبقہ کے لوگوں کے ساتھ انصاف ہو، ہر مذہب کے لوگ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں آزاد ہوں، راستے پر امن ہوں، ہر جگہ قانون کی حکمرانی ہو اور ملک کا کوئی بھی شہری کسی وجہ سے احساس کمتری کا شکار نہ ہو۔
مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ ہماری یہ تحریک محض مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے لئے نہیں بلکہ ہندوستان سے محبت کرنے والے تمام باشندوں کو جگانا ہے کہ ہمارے پیارے ملک کو بیرونی واندرونی ناپاک طاقتیں جس ڈگر پر لے جانا چاہتی ہیں اس کا اختتام عمیق غار میں جاکر ختم ہوتا ہے، ملک کو ایسی طاقتوں سے بچانا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے۔ ایسی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ملک میں تشدد کا بازار گرم ہو اور ملک تباہ ہوجائے ان کا مقابلہ محبت ویکجہتی اور بھائی چارہ کو فروغ دے کر کیا جاسکتا ہے، ہم اپنے دیرینہ بھائی چارہ کو کمزور نہ ہونے دیں بلکہ اسے مضبوط سے مضبوط تر بنائیں تاکہ کوئی بھی ناپاک طاقت اپنے گھناؤنے منصوبے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
مولانا نے کہا کہ مجاہدین آزادی ہمارے جن پرکھوں نے بلا تفریق مذہب، ایکتا واتحاد کی مضبوط چٹان بن کر ملک کو آزاد کرایا ہے ان کو سچی خراج عقیدت یہی ہے کہ ملک کا ہر شہری ہندو مسلم سکھ عیسائی سب ایکتا اتحاد، محبت وبھائی چارگی کی مضبوط دیوار بن جائیں اور ملک کی حفاظت اور اس کی ترقی کے لئے کمربستہ ہوجائیں یہی ہمارے اس امن مارچ کا مقصد ہے۔