رپورٹ: محمد ساجد کریمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
پنگواں/ہریانہ(آئی این اے نیوز 23/ اگست 2017) بروز بدھ بمقام مدرسہ ریاض العلوم راجو قتال قصبہ پنگواں میں جمعیة علماء کی طرف سے حضرت مولانا محمد یحییٰ کریمی صاحب کی زیر صدارت ایک اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس کا آغاز صبح 10 بجے قاری محمد اسلم صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اور اس کے فوری بعد جمعیة علماء متحدہ پنجاب کی گزشتہ کارکردگی پیش کی گئی۔
مولانا کریمی نے اراکین جمعیة علماء اور حضرات علماء کرام کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا اور صدر محترم نے اراکین جمعیة کے سامنے تین تجاویز بھی پیش کیں۔
1: عشرہ ذی الحجہ کو اصلاح معاشرہ کے لئے غنیمت سمجھیں اور برائیوں پر قدغن لگانے کے لیے انتھک کوشش کریں، اور ایام تشریق کے فضائل اور قربانی کی اہمیت سے مرد حضرات کے ساتھ ساتھ خواتین حضرات کو بھی واقف کرایا جائے۔
2: بہار،آسام اور مغربی بنگال کےسیلاب متاثرین کے لئے اپنی بساط کے مطابق امدادی فنڈ جمع کریں اور متاثرین کی بھرپور تعاون کریں۔
3: برادران وطن کی دل آزاری سے گریز کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کریں اور پورے علاقے میں ذرائع ابلاغ اور دوسرے ذرائع کی مدد سے تمام لوگوں کو مشورہ دیا جائے کہ گائے کے علاوہ بھینس بکرا ور دوسرے جانورں کی قربانی کی جائے۔
باتفاق رائے مذکورہ تجاویز کو تمام علماء کرام نے منظور فرمایا اور تمام اراکین نے ان تجاویز پر عمل درآمد کرانے کے لئے ہرممکن تعاون کرنے کا یقین دلایا۔
اخیر میں مولانا محمد یحییٰ کریمی صاحب کی دعا پر اس اہم میٹنگ کا اختتام ہوا، مجلس کے اختتام کے بعد حضرت مولانا دین محمد صاحب مہتمم مدرسہ ریاض العلوم راجو قتال نے تمام شرکاء کی پر تکلف میزبانی فرمائی۔