رپورٹ: شہاب الدین
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
گونا/مدھیہ پردیش(آئی این اے نیوز 25/اگست 2017) فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی غرض سے شر پسند عناثر نے بی جے پی کی زیر قیادت ریاست مدھیہ پر دیش کے ضلع گونا کی ایک مسجد کے باہر پوسٹر چسپاں کئے، پوسٹر پر مسلمانوں کو دھمکیوں بھرے الفاظ ہیں اور ساری کمیونٹی کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی ہے، پوسٹر پر لکھا ہے کہ "بابر کی اولادوں ہندو بن جاؤ یا پاکستان چلے جاؤ" اور مذکورہ پوسٹر منگل کے روز جامعہ مسجد کنٹونمنٹ اسٹیشن علاقے ضلع گونا میں لگایا گیا، اس پوسٹر میں مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت بھرے پیغام لکھے گئے ہیں، اس پوسٹر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’اگر تم ہندوستان میں رہنا چاہتے ہو تو ہندو بنا جاؤ ورنہ اگلے عید کی تمہارے خون سے منائی جائے گی‘‘ یوگی اور مودی زندہ آباد کے نعروں کے ساتھ لگائے گئے اس پوسٹر میں مسلمانوں کو ہندو مذہب اختیار کرلینے کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور کہا گیا کہ اگر ایسا نہیں کیا تو پاکستان یا قبرستان چلے جاؤ۔ پوسٹر میں آر ایس ایس‘ وی ایچ پی ‘ ہندو سینا‘ بجرنگ دل کے نام بھی ہیں۔ مصلیوں نے جب پوسٹر دیکھا‘ علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔
بعدازاں پولیس میں ایک شکایت بھی درج کرائی گئی، واقعہ پر صدر مسلم سوسائٹی شفیق قریشی نے کہا کہ مسلمانوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے خاطیو ں کے خلاف کڑی کاروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے، انہو ں نے مزید کہا کہ اگر پولیس کاروائی نہیں کرتی ہے تو تمام مسلم سماج احتجاج کرتے ہوئے 26 اگست کو چیف منسٹر کے مجوزہ دورے کا بائیکاٹ کریگا۔