رپورٹ: محمد دلشاد قاسمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
بڑوت/باغپت (آئی این اے نیوز 12/ستمبر 2017) میانمار کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں پر حقوق انسانی و اہل اسلام ہونے کے نام پر ہر طرف سے یلغار ہو رہی ہے، خصوصاً اسلام دشمن اور مغربی طاقتوں کے نرغے میں ہے، دنیا میں پھیلی چہار جانب ظلم و تشدد کے واقعات نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ہر طرف آئین و انصاف کا خون ہو رہا ہے.
مذکورہ خیالات کا اظہار جمیعۃ علماء ہند ضلع باغپت کے جنرل سکریٹری و قصبہ بڑوت کے شہر قاضی مولانا عارف الحق نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے بڑے ہی درد و غم کے ساتھ کہا کہ برما کے تازہ واقعات سے ایسا لگتا ہے کہ اب دنیا میں انسانیت دم توڑ چکی ہے اور امن کی متلاشی دنیا کو آج ہر طرف انسانیت کی تلاش ہے، برما میں مسلمانوں اور معصوموں پر وہاں کی حکومت اور فوج کی جانب سے قتل و غارت گری کی جارہی ہے، معصوموں کو زندہ آگ میں جلا کر دردناک تکلیفیں دی جارہی ہے، لیکن انسانیت کے دعوے دار اور اقوام متحدہ اور تمام سیاسی جماعتیں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اقوام متحدہ اور اسی کے ساتھ ساتھ تمام ذی شعور اور قلم کار خاموش ہیں اور بین الاقوامی این جی اوز کی زبان بھی گنگ ہے، ان کی انسانیت اور انصاف کی آڑ میں کہیں ان کا مذہب کہیں ان کا ملک آور کہیں ان کی ذات و نسل حائل ہو رہی ہے کوئی بھی انکے لئے دفاعی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے.
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ سب سے اول سب اپنے پچھلے تمام گناہوں سے توبہ کریں اور اللہ کی طرف متوجہ ہو کر اپنے نیک عمل کے وسیلہ سے دعا کریں، کیونکہ مؤمن کا سب سے بڑا دفاعی ہتھیار دعا ہے اور ائمہ کرام بھی اپنی اپنی مسجد میں قنوت نازلہ پابندی کے ساتھ پڑھنے کا اہتمام کرے.