تحریر: محمد صدر عالم نعمانی صدر جمیعت علماء سیتامڑھی بہار
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ایک صحابی اپنے گھر میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ گھر میں کچھ بھی کھانے پینے کو نہیں ہے، تو وہ جنگل کی طرف چلے گئے کہ محنت کریں گے کچھ جمع ہوجائے گا تو پھر کھانے پینے کا بندوبست کریں گے، ادھر بیوی چکی کے پاس گئی اور چکی کا جوپاٹ نیچے رکھا ہواتھا اسکو چکی کے اوپر رکھدیا، پھر چولھے کے پاس گئیں اس کے پاس کچھ لکڑیاں رکھی ہوئی تھیں، انکو ویسے ہی چولہے میں ڈالدیا اور آگ لگا دی، پھر اللہ سے دعاء کی:
اله العلمین! صورت حال تیرے سامنے ہے گھر میں کھانے پینے کا کچھ بھی سامان نہیں ہے، ہمارے لئے روزی روٹی کا بندوبست فرما، وہ خاتون ابھی دعاء سے فارغ بھی نہیں ہوئیں تھیں کہ اللہ رب العزت نے نہ جانے کس راستہ سے ہانڈی میں کھانا اتار دیا اور روٹیاں بھی انکو میسر آگئیں اور چکی کے اندر آٹا بھی آگیا، کچھ دیر کے بعد انکے خاوند گھر میں تشریف لاتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ گھر میں کھانا بھی موجود، روٹی بھی موجود، اور آٹا بھی موجود ہے، بیوی سے پوچھتے ہیں کہ آخر ماجرا کیا ہے؟ تو انکی بیوی نے ساری تفصیل بیان کی کہ یہ معاملہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ جب ہم نے چکی کا پاٹ اٹھا کر دیکھا تو اس میں آٹا ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے اسے پیسا گیا ہو، صحابی نے کھانے سے فارغ ہونے کے بعد پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، اور پورا واقعہ جناب محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا واقعہ ہمارے ساتھ پیش آیا ہے، تو جناب محمد الرسول صلی اللہ علیہ وسلم نے معلوم کیا کہ وہ چکی کا پاٹ کہاں ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے تو اسے اتارلیا ہے، اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر تم چکی کے پاٹ کو نہ اتارتے تو قیامت تک تم اسے چلائے رکھتے تو اس میں سے آٹا ملتا رہتا.
یہ صفات اور کرامتیں اللہ تعالی نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کی برکت سے اور آپکی سنتوں، ہداہتوں، اور تعلیمات پر عمل کرنے کے صدقہ میں عطا فرمایا تھا.
اللہ ہم سب مسلمانوں کو نبی پاک جناب محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں، ہدایتوں، اور تعلیمات پر عمل کرنے والا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جیسے ایمان اور پختہ یقین والا بنا دے آمیـــن.