رپورٹ: یاسین صدیقی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 27/اکتوبر 2017) عالمی شہرت یافتہ عالم اور مشہور تعلیمی و تربیتی ادارہ دارالعلوم ترکیسر گجرات کے سابق شیخ الجامعہ حضرت مولانا عبداللہ کاپودروی ان دنوں سخت بیمار ہیں، معروف عالم دین و ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے ذمہ داران مدارس، ائمہ مساجد اور عوام الناس سے حضرت مولانا کی صحت کاملہ و عاجلہ کے لئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کاپودروی مقبول و معتبر اور بالغ نظر عالم دین ہیں، ایک طویل عرصے سے وہاں کے مرکزی ادارہ دارالعلوم ترکیسر کے سربراہ ہیں اور ملک و بیرون ملک میں ان کے ہزاروں شاگرد پھیلے ہوئے ہیں جو مختلف ممالک میں دین کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، مولانا کاپودروی علماء و دانشوران کے حلقے میں نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں اور وہ ملک کے مختلف نمائندہ تعلیمی اداروں اور رفاہی و فلاحی تنظیموں کے باہمی اختلافات کو دور کرنے میں بھی نمایاں اور اہم رول ادا کرتے رہے ہیں.
مولانا قاسمی نے کہا کہ ان کی شخصیت مسلمانوں کے لئے ایک نعمت ہے لہذا ان کی صحت و عافیت کے لئے دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جانا چاہئے۔
واضح رہے کہ مولانا اسرارالحق قاسمی نے اپنے حالیہ سفر گجرات کے دوران مولانا موصوف کے گھر کاپودرہ جاکر ان سے ملاقات اور عیادت و احوال پرسی کے بعد اپیل جاری کی ہے۔