رپورٹ: محمد صدرعالم نعمانی
ـــــــــــــــــــــــــــ
سیتامڑھی/بہار(آئی این اے نیوز 7/نومبر 2017) جمعیة علماء ہند کے متحدہ قومیت کے نظریہ کو فروغ دینے، ملک کو آپسی نفرت سے بچانے، جمہوریت کی بقا اور سیکولر کردار کے تحفظ کیلئے عوامی بیداری پیدا کرنے، فرقہ پرستی، دہشت گردی اور مذہبی منافرت کے خلاف متحدہ آواز بلند کرنے کیلئے جمعیت علماء بہار کا ایک روزہ عظیم الشان نوواں صوبائی اجلاس عام بنام "قومی یکجہتی کانفرنس" 16نومبر 2017 بروز جمعرات بعد نماز مغرب بمقام نہرو اسٹیڈیم موتیہاری میں منعقد ہونے جارہا ہے، جس کی صدارت جانشیں شیخ الاسلام قائد ملت حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمیعت علماء ہند فرمائیں گے.
مولانا محمد صدرعالم نعمانی صدر جمیعت علماء سیتامڑھی نے اپنے ایک بیان میں جمعیت کے تمام عہدیداران و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ جمعیت کے اس صوبائی کانفرنس میں کثیر تعداد میں شریک ہوں، اور اس کانفرنس کے سلسلے میں لوگوں کے اندر بیداری پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کانفرنس میں سیکولر ذہنیت کے حامل برادران وطن کی بھی بڑی تعداد میں شرکت ہوگی، جمعیت کے صوبائی کانفرنس کے تئیں جمعیت کے کارکنان میں زبردست جوش وخروش کا ماحول قائم ہے.