ڈاکٹر مرزا محمود اعظمی |
رپورٹ: فضل الرحمٰن قاسمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
الٰہ آباد(آئی این اے نیوز 4/نومبر 2017) اسلام کسی زبان سیکھنے سے منع نہیں کرتا شریعت کے حدود میں ہر زبان کو سیکھا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار مرکزی الہ آباد یونیورسٹی کے پروفیسر شعبہ عربی کے صدر ڈاکٹر مرزا محمود اعظمی نے مدرسہ عربیہ نعمانیہ کٹرہ الہ آباد میں کیا، وہ مدرسہ نعمانیہ نوجوان عالم دین مفتی فضل الرحمان قاسمی الہ آبادی سے ملاقات کی غرض سے حاضر ہوئے تھے، مرزا محمود صاحب نے انگریزی زبان کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، موجودہ زمانے میں انگریزی زبان کا سیکھنا بھی ضروری ہے، کیونکہ تبلیغ دین میں اس زبان کا سہارا لینا پڑے گا، کیونکہ شرعی اصطلاحات سے مسلم عوام ناواقف ہے، انہوں نے انگریزی اور ہندی زبانوں کو سیکھنے پر زور دیا، انہوں نے کہا اس کے بغیر توحید کا صحیح مطلب بھی بیان کرنا دشوار ہے.
انہوں نے مزید حالات حاضرہ سے واقفیت کو لازم قرار دیا، اخبار بینی کی عادت بنانے پر ابھارا، ساتھ ساتھ طلباء کے اندر بھی حالات حاضرہ سے واقفیت کے جذبہ کو ابھارنے پر زور دیا، عربی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ عربی زبان ہر مسلمان کا سیکھنا ضروری ہے کیونکہ قرآن عربی زبان میں ہے، عربی زبان میں مہارت کے لئے اہل عرب کے اقوال سننے اور انکی تحریریں پڑھنے کی تلقین کی، مسلمانوں کے آپسی مسلکی اختلاف کے شدت پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا ذہن و دماغ کے اندر وسعت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اخلاق حمیدہ پر زور دیا، کہا اخلاق حمیدہ ہی وہ چیز ہے جس کے ذریعہ غیر مسلم بھی حلقہ اسلام کے اندر داخل ہوتے ہیں، انہوں نے مسلمانوں سے صحیح اسلام کی صورت اغیار کے سامنے پیش کرنے کی تلقین کی.
اخیر میں مفتی فضل الرحمان قاسمی نے ان کا شکریہ ادا کیا، اور قیمتی نصیحتوں پرعمل پیرا ہونے کی خود بھی عزم کیا اور طلباء میں ان صفات کو پیدا کرنے کا عہد کیا.