اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ووٹ کی شرعی حیثیت!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 11 November 2017

ووٹ کی شرعی حیثیت!

تحریر: مفتی فہیم الدین رحمانی چیئرمین شیخ الھند ایجوکیشنل ٹرسٹ آف انڈیا
ـــــــــــــــــــــــــــ
ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جس کے عوام براہ راست قانون سازی یا انتظامی امور میں حصہ نہیں لیتے بلکہ یہ ذمہ داری الیکشن کے ذریعہ منتخب ہونے والے نمائندوں کے سپرد کر دی جاتی ہے اور اس پورے معاملہ میں ان پر اعتماد کیا جاتا یے اسی وجہ سے ہندوستان اور اس جیسے دیگر جمہوری ممالک میں ووٹ نہایت مؤثر حیثیت کا حامل ہے، اور یہ بہت سے امور پر اثر انداز ہوتا ہے.
مفتی فہیم الدین رحمانی
حالیہ کچھ دنوں میں ملک کے بعض شہروں میں صدارت اور سبھاسد یعنی وارڈ ممبروں کا انتخابات ہونے والے ہیں جس کے تعلق سے کوششیں اور سرگرمیاں شباب پر ہیں ہر طرف ووٹ اور الیکشن کا ہی چرچا ہے امیدواروں اور پارٹیوں کی جانب سے وعدوں اور دعوؤں کا سلسلہ ہے، دیہاتوں شہروں اور گلی کوچوں حتی کہ ہر گھر کی چوکھٹ پر نیتاؤں کا ہجوم ہے اور ہر ایک دوسرے سے آگے بڑھ کر اپنی لیاقت و اہلیت کے گن گاتا ہے جبکہ انکی تعلیمی اخلاقی اور معاملاتی صورتِ حال انتہائی ناگفتہ بہ ہوتی ہے اور بعض امیدوار تو اپنے مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے ہی معروف ہوتے ہیں، سیاست کے گلیارے آج کل اسی طرح کے لوگو ں سے ہی آباد ہیں جو اپنی جیت کے لئے ہر حربہ اپناتے ہیں اور جھوٹ، دھوکہ دہی کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور جیت حاصل کرنے کے بعد ہر طرح کی  ظلم و زیادتی لوٹ کھسوٹ روا رکھتے ہیں اور عوام کا بھی ایک طبقہ ان کی ڈگر پر چل پڑتا ہے، امیدواروں کے کہنے سننے میں آکر ان کی مرضی کے مطابق ووٹ دے بیٹھتا ہے اس کو ذرہ برابر اپنے عمل کی اہمیت کا احساس نہیں ہوتا حالانکہ اگر شرعی نقطۂ نظر سے دیکھا جائےتو ووٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے، چونکہ الیکشن میں امیدوار ہونے کا مطلب قوم کی اجتماعی اور سماجی خدمات کے مواقع حاصل کرنا ہے اس لئے امیدوار گویا اپنی طرف  سے دوباتوں کا مدعی ہوتا ہے یعنی وہ اس بات کا  دعوے دار ہےکہ:
• امانت و دیانت
• اھلیت  و صلاحیت
ان دونوں میں وہ اس منصب کے لئے سب سے زیادہ موزوں ہے اسی طرح ووٹ کا معاملہ ہے وہ بھی کوئی تفریحی اور ہلکی چیز نہیں ہے بلکہ شرعی نقطۂ نظر سے وہ دراصل قانونی حق ہے جو آپ کو ایک اچھے امیدوار کو منتخب کرنے کے لئے امانت کےطور پر ملا ہے جس کا تقاضہ یہ ہےکہ اس کو ضائع ہونے سے بچایا جائے اور اس کو اھل اور مستحق کے ہی سپرد کیا جائے ۔